کون ہےپاکستانی فوج میں پہلا ہندولیفٹیننٹ کرنل؟

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2022
کون ہےپاکستانی فوج میں پہلا ہندولیفٹیننٹ کرنل؟
کون ہےپاکستانی فوج میں پہلا ہندولیفٹیننٹ کرنل؟

 

 

اسلام آباد: پاکستان کی فوج میں حال ہی میں ترقی پانے والے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل کیلاش کمار کو سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا ہے اور اسے پاکستان میں اقلیتوں کے لیے اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ’پاکستان فوج میں ہندو افسر کی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی ہوئی ہے۔ کیلاش کمار پاکستان فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی پانے والے پہلے ہندو افسرہیں۔‘

پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن کپل دیو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے اسے تاریخی پیش رفت قرار دیا۔

 

’تاریخ بن رہی ہے۔ کیلاش کمار پہلے ہندو افسر بن گئے جنہیں پاکستان آرمی میں لیفٹننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ مبارک ہو کیلاش۔‘

 

کپل دیو کی ٹویٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور اسے چند گھنٹوں میں ہزاروں لائکس اور ری ٹویٹ مل گئے۔

سینیٹر کرشنا کماری نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان آرمی میری آرمی ہے۔ پاکستان زندہ باد۔‘ دل کی دھڑکن پاکستان نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اسی طرح پاکستان ترقی کرے گا۔ مسلمان، مسیحی، ہندو، سکھ۔ پارسی سمیت سب پاکستانی زندہ باد۔‘

سید رضوی نامی اکاؤنٹ نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہر پاکستانی کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ چاہے ان کا کوئی بھی رنگ، نسل مذہب یا علاقہ ہو۔‘ (ایجنسی)