امریکی کرنل خالد شاباز نے ادا کیا عمرہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-02-2022
امریکی کرنل خالد شاباز اور ان کے ساتھیوں نے ادا کیا عمرہ
امریکی کرنل خالد شاباز اور ان کے ساتھیوں نے ادا کیا عمرہ

 

 

مکہ: لگ بھگ پانچ ہزار مسلمان فوجیوں پر مشتمل امریکی فوج میں کرنل کے عہدے پر فائز مسلمان خالد شاباز نے حال ہی میں عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب کا دورہ کیا۔

عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کا میرا تجربہ تقریباً حیران کن تھا۔ مجھے اس (ملک) کے بارے میں سب کچھ بہت اچھا لگا۔ مجھے سکون محسوس ہوا، جیسا کہ یہاں آنا میری زندگی کا مقصد رہا ہو۔‘

اپنی دینی تعلیمات پر عمل کرنا کرنل خالد شاباز کی امریکی فوج میں نوکری کا حصہ ہے، جہاں وہ ہزاروں مسلمان امریکی فوجیوں کو دینی تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ امریکی فوج میں یہودیت سمیت دیگر مذاہب کے پادری بھی موجود ہیں۔

اس وقت فوج میں چھ مسلمان مذہبی رہنما موجود ہیں، تین ایئر فورس میں جبکہ ایک بحریہ میں ہیں۔ دیگر مذاہب کے نمائندہ ہونے کے طور پر یہ پادری اپنے گلے میں مخصوص علامتیں پہنتے ہیں، مسلمانوں کے لیے علامت ہلال ہے۔

تاہم جب یہ پادری اپنی وردی پہن لیتے ہیں تو مذہبی تعلیم فراہم کرنا ان کی نوکری کا محدود سا حصہ بن جاتا ہے۔ کرنل خالد شاباز کا کام دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے کئی فوجیوں کو جذباتی سپورٹ فراہم کرنا ہے۔

کرنل خالد شاباز فوج میں دیگر مذہبی رہنماؤں کے سربراہ ہیں۔ سعودی عرب میں عمرے کے لیے مکہ اور مدینہ کا دورہ کرنے کے علاوہ، کرنل خالد شاباز نے سعودی عرب میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات بڑھائے جا سکیں۔ یہ ان کی سعودی افسران کے ساتھ پہلی ملاقات نہیں تھی۔

دسمبر میں سعودیوں کے ایک وفد نے ساؤتھ کرولینا میں فورٹ جیکسن کا دورہ کیا تھا۔ کرنل خالد شاباز ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر بھی مشہور ہیں جہاں ان کے 43 ہزار فالوورز ہیں۔