اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ہندوستان اور پاکستان سے تحمل کی اپیل کی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2025
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ہندوستان اور پاکستان سے تحمل کی اپیل کی
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ہندوستان اور پاکستان سے تحمل کی اپیل کی

 



جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان اور پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے تیار ہیں۔ انتونیو گوتریس نے پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی ہندوستان-پاکستان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ہر اُس اقدام کی حمایت کرے گا جو دونوں ممالک کی رضامندی سے کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے دوبارہ آغاز کا باعث بنے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری جنرل موجودہ صورتحال پر سخت تشویش میں مبتلا ہیں اور انہوں نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی سے گریز کرنے کی پُرزور اپیل کی ہے۔

انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی پیچیدہ اور نازک مسائل بھی بامقصد اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے پُرامن انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں۔ یاد رہےکہ جموں کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہندوستان کے مبینہ فالس فلیگ آپریشن میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں بڑی تعداد سیاحوں کی تھی۔ اس واقعے کے بعد ہندوستان نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا، جسے پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔