لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کا تناسب 37 فیصد تک پہنچ گیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 10-01-2023
لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کا تناسب 37 فیصد تک پہنچ گیا
لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کا تناسب 37 فیصد تک پہنچ گیا

 

 

ریاض :سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے کہا ہے کہ ’2022 کے دوران لیبر مارکیٹ میں سعودی خواتین کا تناسب 37 فیصد تک پہنچا۔‘ اخبار24 کے مطابق سماجی مکالمہ فورم سے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’وزارت لیبر مارکیٹ میں شامل تمام فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی چاہتی ہے۔ مارکیٹ کے تمام فریق ہی کامیابی کے ضامن ہیں۔ ان کی بدولت ہی لیبر مارکیٹ ترقی کرے گی۔‘

انجینیئر احمد الراجحی نے کہا کہ ’فورم کا مقصد تینوں پیداواری فریقوں کے درمیان سماجی مکالمے کا فروغ ہے جو چیلنجوں سے نمٹنے اور پرکشش لیبر مارکیٹ کی خاطر روزگار کا منفرد ماحول فراہم کرنے میں ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ‘خواتین سمیت ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ سعودی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ ہمارے اداروں نے لیبر قوانین اور ضوابط کی 98 فیصد تک پابندی کی۔ ملازمین کی تنخواہیں بینکوں کے ذریعے ادا کرنے کی پابندی 80 فیصد تک کی گئی جبکہ 3.8 ملین ملازمت کے معاہدوں کی توثیق بھی ہوئی ہے۔‘ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ’آجروں اور اجیروں کے درمیان 74 فیصد اختلافات کے تصفیے دوستانہ مصالحت کے ذریعے ہوئے ہیں۔

ماضی میں سعودی شہری اکثر سرکاری شعبے کی ملازمتوں کو ترجیح دیتے رہے ہیں لیکن ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں مملکت کے ویژن 2030 کے تحت ہونے والی وسیع تراصلاحات نے مختلف شعبوں میں روزگار کے زیادہ مواقع فراہم کیے ہیں۔ سوشل ڈائیلاگ فورم کا آغاز سوموار کو الریاض میں ہوا اور وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی نے شاہ عبدالعزیزقومی مکالمہ مرکزکے اشتراک سے اس کا انعقاد کیا ہے۔اس میں عالمی ادارہ محنت (آئی ایل او) کے ساتھ ساتھ حکومت کے نمائندوں اور سرکاری اور نجی شعبے کے آجروں اور ملازمین نے شرکت کی۔ احمدالراجحی نے کہا کہ اس فورم کا مقصد لیبر مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا اور اس وقت درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہے۔