تحریک طالبان اگر آئین کو تسلیم کرے تو موقع دیں گے: فواد چوہدری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 09-11-2021
  فواد چوہدری
فواد چوہدری

 


اسلام آباد:پاکستان کے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’اگر کالعدم تحریک طالبان پاکستان  اگر آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں اور قانون کو احترام دیتے ہیں تو ظاہر ہے ہم انہیں موقع دیں گے۔‘

فواد چوہدری نے منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان کے حکام نے بھی ہمیں کہا ہے کہ ہم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کریں اور اس مسئلے کو حل کریں۔ افغانستان کی نئی اتھارٹیز چاہتی ہیں کہ پاکستان میں امن قائم ہو اور امن بات چیت ہی سے ممکن ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو مذاکرات ہوں گے ان میں مقامی لوگوں کو شامل کیا گیا ہے اور جو مقامی لوگ متاثر ہوئے ہیں، ان کو بھی اس عمل کا حصہ بنایا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ کو بالآخر سمجھوتے کی جانب جانا ہے۔ ریاست مسلسل جنگ نہیں لڑ سکتی۔ وہاں کی عورتوں اور بچوں کا کیا قصور ہے اگر ان کے والد یا کوئی اور رشتہ جنگ میں شامل ہوئے ہیں۔ افغانستان کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ ’وہاں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق ’کابینہ اجلاس میں اس پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وہاں گندم اور چاول بھجوانے کی منظوری دی گئی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’افغانستان میں حالات بہت خراب ہیں لوگ خوراک کے لیے اپنے بچے فروخت کر رہے ہیں۔‘ ’افغانستان کے معاملے پر او آئی سی کے پاس جایا جائے گا۔‘

انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھی افغانستان کے عوام کی مدد کرے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’افغانستان کے ساتھ تجارت میں جو ٹیکس تھے وہ سب ختم کر دیے گئے ہیں۔‘