شام:زلزلہ سے جیل کی دیوار میں شگاف، داعش کے20دہشت گرد فرار

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 07-02-2023
شام:زلزلہ سے جیل کی دیوار میں شگاف، داعش کے20دہشت گرد فرار
شام:زلزلہ سے جیل کی دیوار میں شگاف، داعش کے20دہشت گرد فرار

 

 

انقرہ: شمال مغربی شام کی جیل کے ذرائع نے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق ترکی کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔

اس جیل میں کرد فورسز کے جنگجو بھی قید تھے۔ راجو جیل جو ترکی کے حامی دھڑوں کے زیر کنٹرول ہے، کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’زلزلہ آنے کے بعد راجو متاثر ہوا اور قیدیوں نے بغاوت شروع کر دی اور جیل کے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا۔ تقریباً 20 قیدی فرار ہو گئے جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ داعش کے جنگجو تھے۔‘

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 7.8 شدت کے زلزلے، جس کے بعد خطے میں درجنوں آفٹر شاکس آئے، نے جیل کو نقصان پہنچایا اور دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے۔ برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی ہے۔

حکومت اور امدادی کارکنوں نے بتایا ہے کہ پیر کو شام بھر میں تباہ کن زلزلے، جس کا مرکز جنوب مغربی ترکی میں تھا، کے بعد کم از کم 14 سو 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وائٹ ہیلمٹس ریسکیو گروپ کے مطابق ملک کے شمال مغرب میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کم از کم 733 افراد ہلاک اور 21 سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔