مودی کے نام شہباز شریف کا خط::مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل بامقصد مذاکرات سے ممکن

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2022
مودی کے نام شہباز شریف کا خط::مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل بامقصد مذاکرات سے ممکن
مودی کے نام شہباز شریف کا خط::مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل بامقصد مذاکرات سے ممکن

 

 

آواز دی وائس : پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کا مرحلہ مکمل ہوگیا اب پاکستان کی نئی حکومت نے سفارتی اور سیاسی تعلقات میں نئی شروعات کرنے کی پہل کی ہے۔ جس کے تحت پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خط میں کہا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ پُر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔ یاد رہے کہ نریندر  مودی نے شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد کا خط لکھا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہندوستانی ہم منصب کو جوابی خط لکھا۔ پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نے خط میں پاکستان سے تعمیری تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

اتوار کو پاکستان میں  وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے منتخب ہونے پر نیک خواہشات کے اظہار پر ہندوستان کے وزیراعظم کو شکریے کا خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔ عوام کی ترقی کے لیے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات ناگزیر ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ’دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہماری کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ آئیے امن کو محفوظ بنائیں اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ’خطے میں امن و استحکام اور مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بامقصد مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد دیگر ممالک کے سربراہان سمیت وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شہباز شریف کو مبارک دی تھی۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا تھا ’میاں شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد۔ انڈیا دہشت گردی سے پاک خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے تاکہ ہم اپنا فوکس اپنے ترقیاتی چیلینجز پر رکھیں اور اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو یقینی بنا سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد دینے پر  وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔ منگل کو وزیراعظم کی مبارک باد کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کی خواہش ہے کہ ہندوستان کے ساتھ پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات ہوں۔‘ شہباز شریف کی جانب سے مزید لکھا گیا ’جموں و کشمیر سمیت دیگر تنازعات کا پرامن حل ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں سے سب واقف ہیں۔