سعودی عرب:اندرون عمارت ماسک،ویکسین سمیت کورونا کی کچھ پابندیاں ختم

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-06-2022
سعودی عرب:اندرون عمارت ماسک،ویکسین سمیت کورونا کی کچھ پابندیاں ختم
سعودی عرب:اندرون عمارت ماسک،ویکسین سمیت کورونا کی کچھ پابندیاں ختم

 

 

ریاض: سعودی عرب نے کووِڈ-19 کوپھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ بعض مزید پابندیوں کوختم کردیا ہے۔ان میں عمارتوں کے اندر(ان ڈور) ماسک پہننے کی پابندی اور بیشتر مقامات کے لیے ویکسین لگوانے کی احتیاج کا ثبوت شامل ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ اب بھی زائرین کو مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام، مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ، سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی (وقایا) کے زیر انتظام مقامات اوران جگہوں اورتقریبات میں ماسک پہننے کی ضرورت ہوگی جہاں اس کو لازم قراردیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اب مختلف جگہوں، تنصیبات میں داخل ہونے، سرگرمیوں یا تقریبات میں شرکت کرنے یا طیاروں یا عوامی نقل وحمل کے لیے ٹرانسپورٹ ذرائع میں سوار ہوتے وقت توکلنا رابطہ ٹریسنگ ایپلی کیشن میں ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ایس پی اے نے اس بارے میں وضاحت نہیں کی کہ کون سے زمرے ویکسین سے مستثنا ہیں۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کے ان شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کی مدت میں بھی توسیع کی گئی ہے جو بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں۔ایسے مسافروں کواس سے پہلے دوسری خوراک لگوانے کے تین ماہ کے اندرکووِڈ-19 کی ویکسین کا بوسٹرشاٹ حاصل کرنا پڑتا تھا،لیکن اب اس مدت کو آٹھ ماہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔ سعودی عرب میں مارچ میں بیرون گھر ماسک پہننے کی پابندی کو ختم کر دیا گیا تھا اورکووِڈ-19 سے متعلق اور بھی پابندیوں کو نرم کردیا گیا تھا۔

مارچ میں سماجی فاصلے کے اقدامات، سعودی عرب میں داخل ہونے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ اور آمد پر قرنطینہ کرنے ایسی پابندیوں کو بھی ختم کردیا گیا تھا۔ سعودی حکومت نے یہ پابندیاں ایسے وقت میں ختم کی ہیں جب دنیا اور مملکت میں کروناوائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھراضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔کووِڈ-19 کے یومیہ کیس فروری کے بعد پہلی بار گذشتہ بدھ کو 1000 سے تجاوز کرگئے تھے اور1029 کیسوں کی تشخیص کی گئی تھی۔ وزارتِ صحت کے مطابق پیرکے روز کرونا وائرس کے مجموعی طور پر 1118 نئے کیس اور دو اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔مملکت میں وَبا کے آغاز سے اب تک وائرس سے متاثرہ مجموعی طور پر 9170 اموات ہوچکی ہیں اور 777,795 متاثرہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

وزارتِ صحت نے اس وبا پر قابو پانے کے لیے مملکت بھرمیں وسیع پیمانے پر ویکسین لگانے کا پروگرام شروع کیا تھا اور اب تک ملک کی 96.1 فی صد آبادی کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔حالیہ ہفتوں میں ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات میں بھی یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کروناوائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا ہے کہ شہریوں کو منظورشدہ کسی بھی ویکسین کی اضافی تقویتی خوراک ضرورلگوانی چاہیے