نئی دہلی/ آواز دی وائس
دنیا بھر کے مسلمان حج 2025 کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس دوران سعودی عرب نے بغیر اجازت حج پر آنے والوں کے لیے سخت سزاؤں کا اعلان کیا ہے۔ سعودی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ صرف وہی افراد مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے جن کے ویزے میں حج کی اجازت شامل ہوگی۔ ایسے ویزا رکھنے والے افراد جو کسی اور مقصد کے تحت سعودی عرب آئے ہیں اور بغیر اجازت حج کے لیے مکہ پہنچ جاتے ہیں، ان پر 20,000 سعودی ریال (تقریباً 4.5 لاکھ بھارتی روپے) تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
یہ جرمانہ ان افراد پر بھی لاگو ہوگا جو پابندی کے اس مخصوص عرصے میں مکہ یا اس کے اطراف کے مقدس مقامات میں داخل ہوں گے، اگرچہ ان کے پاس صرف وزٹ ویزا ہو۔ اس اقدام کا مقصد حج کے دوران مکہ میں بھیڑ کو کنٹرول کرنا اور فقیروں کو مقدس مقامات سے دور رکھنا ہے۔
پاکستان کو سخت وارننگ جاری
سعودی حکومت نے حج سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر پاکستان کو بھی سخت وارننگ جاری کی ہے۔ رپورٹوں کے مطابق پاکستان سمیت کئی ممالک کے ہزاروں افراد ہر سال غیر قانونی طریقے سے سعودی عرب آ جاتے ہیں اور مکہ و مدینہ کے آس پاس بھیک مانگ کر بڑی رقم کما کر وطن واپس چلے جاتے ہیں۔ اس بار سعودی حکومت نے ان سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتے ہوئے سزاؤں کا سخت اعلان کیا ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد غیر قانونی عازمین کو مکہ لے کر آئیں گے، ان کی گاڑیاں بھی ضبط کر لی جائیں گی۔ اس کے علاوہ غیر قانونی طور پر آنے والوں پر کم از کم 10 سال کے لیے سعودی عرب میں داخلے پر پابندی لگا دی جائے گی۔
خلاف ورزی کرنے پر درج ذیل سزائیں دی جائیں گی
بغیر اجازت حج پر آنے پر جرمانہ
ایسے افراد پر 20,000 سعودی ریال (تقریباً 4.5 لاکھ بھارتی روپے) تک کا جرمانہ۔
غیر قانونی حج کی سہولت دینے پر جرمانہ
جو کوئی بھی شخص دوسروں کو غیر قانونی حج کرنے میں مدد دیتا ہوا پایا گیا (جیسے وزٹ ویزا دلوانا، ٹرانسپورٹ یا رہائش دینا)، اس پر 100,000 ریال (تقریباً 22.7 لاکھ روپے) تک جرمانہ۔ یہ جرمانہ فی فرد کے حساب سے کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔
ٹرانسپورٹ اور رہائش دینے والوں پر بھی سزائیں
۔22.7 لاکھ روپے تک کا جرمانہ ان افراد پر بھی ہوگا جو کسی کی ٹرانسپورٹ یا رہائش کا بندوبست کریں، چاہے وہ ہوٹل، اپارٹمنٹ یا ذاتی مکان ہو۔
ملک بدر اور داخلے پر پابندی
غیر قانونی داخل ہونے والوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا اور آئندہ 10 سال تک سعودی عرب میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
گاڑی ضبطی
غیر قانونی حجاج کو لانے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو عدالت کے حکم سے ضبط کیا جا سکتا ہے۔
حج 2025 کب ہوگا؟
اس سال حج کی توقع ہے کہ 4 جون سے 9 جون 2025 کے درمیان ہوگا، جو چاند نظر آنے پر منحصر ہے۔ حج پر جانے والے زائرین نے پہلے ہی روانگی شروع کر دی ہے۔ 29 اپریل کو بھارت سے پہلی پرواز لکھنؤ اور حیدرآباد سے عازمین کو لے کر روانہ ہوئی۔