سعودی عرب:برما کے8 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین کو مفت اقامہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2022
برما کے8 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین کو مفت اقامہ
برما کے8 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین کو مفت اقامہ

 

 

مکہ: مکہ مکرمہ میں کچی بستیوں کے اصلاحاتی پروگرام کے ترجمان ڈاکٹر امجد مغربی نے کہا ہے کہ ’قوز النکاسہ‘ میں سکونت پذیر برمی کمیونٹی کے 8 ہزار سے زیادہ افراد کے قیام کو قانونی بنادیا گیا۔ یہ اقامہ و روزگار قوانین کی خلاف ورزی کرکے النکاسہ میں سکونت پذیر تھے۔

الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’نشرۃ النھار‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے مغربی نے کہا کہ سعودی حکام نے انسانی بنیادوں پر برما کے غیر قانونی تارکین کے مسائل حل کیے ہیں۔

اس سے قبل ہزاروں برمیوں کو مفت اقامے جاری کیے گئے تھے۔ انہیں ملازمتیں فراہم کی گئی تھیں اور ان کی رہائش کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اس حوالے سے انسانیت نواز سکیم اپنی نگرانی میں نافذ کرائی جس کی منظوری اعلی قیادت سے حاصل کی گئی تھی۔

مغربی نے مزید بتایا کہ النکاسہ محلے کی عمارتیں مکینوں سے خالی کراکر منہدم کرائی گئی ہیں۔ باقی ماندہ عمارتیں عید الفطر کے بعد منہدم کی جائیں گی۔ اس دوران وہاں آباد برمیوں کے مسائل کا بھرپور طریقے سے جائزہ لیا گیا۔

وزارت افرادی قوت کی فیلڈ ٹیموں اور دیگر اداروں کی متعلقہ کمیٹیوں نے النکاسہ محلے میں آباد سعودی خاندانوں کی فہرستیں تیار کیں۔ سماجی کفالت پروگرام میں شامل شہریوں کو فلیٹس فراہم کیے گئے اور دیگر کے لیے بھی انسانی بنیادوں پر رہائش کا بندوبست کیا گیا۔ (ایجنسی)