روس یوکرین پر مکمل کنٹرول حاصل چاہتا ہے: فرانس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-03-2022
روس یوکرین پر مکمل  کنٹرول حاصل چاہتا ہے: فرانس
روس یوکرین پر مکمل کنٹرول حاصل چاہتا ہے: فرانس

 

 

پیرس: فرانس کے صدر کے ایک معاون کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوتن کے درمیان فون کال کے ذریعے رابطہ ہوا ہے جس کے بعد لگتا ہے کہ یوکرین میں ’ابھی برا ہونا باقی ہے۔‘ روسی صدر ولادی میر پوتن اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں کے درمیان فون پر 90 منٹ طویل بات چیت ہوئی ہے۔

اس بات چیت کے حوالے سے فرانسیسی صدر کے معاون نے کہا ہے کہ ’پوتن کے ارادے پورے ملک پر قبضے کرنے کے نظر آ رہے ہیں۔‘ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر کے ایک سینیئر معاون نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں کو بتایا کہ ’صدر (ایمانوئل میکروں) کے خیال میں صدر پوتن نے جو کچھ بتایا اس سے لگتا ہے کہ برا وقت ابھی آنا ہے۔

معاون نے مزید بتایا کہ ’صدر پوتن نے جو کچھ ہمیں بتایا اس میں یقین دلانے والی کوئی بات نہیں تھی۔ انہوں نے آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ولادی میر پوتن ’پورے یوکرین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

وہ اپنے الفاظ میں یوکرین کو آخر تک ’ڈی نازیفائی‘ کرنے کے لیے اپنا آپریشن انجام دیں گے۔‘ معاون نے کہا: ’آپ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ الفاظ کس حد تک چونکا دینے والے اور ناقابل قبول ہیں اور صدر نے انہیں بتایا کہ یہ جھوٹ ہے۔‘ ایمانوئل میکروں نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتن پر زور دیا کہ وہ عام شہری ہلاکتوں سے گریز کریں اور انسانی رسائی کی اجازت دیں۔ معاون نے کہا کہ اس پر ’صدر پوتن نے جواب دیا کہ وہ کوئی وعدہ کیے بغیر اس کے حق میں ہیں۔‘