اسلام آباد میں پاکستان فوج کی حمایت میں پوسٹرز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-05-2022
اسلام آباد میں پاکستان فوج کی حمایت میں پوسٹرز
اسلام آباد میں پاکستان فوج کی حمایت میں پوسٹرز

 

  

اسلام آباد:پاکستان میں ایک نیا تنازعہ شروع ہوگیا ہے- ملک کی راجدھانی اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر پاکستان فوج کے حق میں پوسٹرز دکھائی دے رہے ہیں جن پر ’پاکستان فوج آئین کی محافظ‘ اور ’پاکستان فوج کے سالار و سپاہی کو سلام‘ لکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے بتایا کہ باقاعدہ اجازت اور فیس کی ادائیگی کے بعد پوسٹر لگانے کی اجازت دی گئی ہے۔

عرفان میمن نے مزید بتایا کہ اسلام آباد کی شاہراہوں پر اشتہار یا پوسٹر لگانے کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے میونسپل کارپوریشن میں درخواست دی جاتی ہے جس کے بعد انتظامیہ پوسٹر/اشتہار کا جائزہ لیتی ہے کہ کہیں اس پر ملک مخالف یا متنازع مواد تونہیں۔ ’منظوری اور فیس کی ادائیگی کے بعد اجازت دے دی جاتی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کسی شہری نے رابطہ کر کے درخواست دی کہ وہ ’پاکستان کی محبت میں بینر لگوانا چاہتے ہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ دفتر چھٹیوں کی وجہ سے بند ہے لہذا ان کے پاس اس درخواست گزار کی مزید تفصیل نہیں ہے۔ ماضی میں بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں اس طرح کے بینر نظر آتے رہے ہیں۔

سابق آرمی چیف راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ سے پہلے ’محبان وطن‘ کی جانب سے ’شکریہ راحیل شریف‘ جبکہ ریٹائرمنٹ کے وقت ’جانے کی باتیں جانے دو‘ اور 'خدا کے لیے اب تو آ جاؤ' جسے پوسٹرز دیکھنے کو ملے۔ جولائی 2016 میں اس وقت کی حکومت نے ملک کے مختلف شہروں میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے حق میں بینرز آویزاں کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

اس وقت مقدمہ لوگوں کو حکومت وقت کے خلاف بغاوت پر اُکسانے کی دفعات کے تحت ضابطہ فوجداری کی دفعہ 120 بی، 124 اے اور 505 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ پوسٹرز میں جنرل راحیل سے مداخلت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ یہ بینر ایک نئی جماعت ’موو آن پاکستان‘ نے لگائے تھے۔