ہندوستان سے براہ پاکستان امدادی اشیاافغانستان لے جانے کی اجازت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 04-12-2021
ہندوستان سے براہ پاکستان امدادی اشیاافغانستان لے جانے کی اجازت
ہندوستان سے براہ پاکستان امدادی اشیاافغانستان لے جانے کی اجازت

 

 

اسلام آباد: پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ بارڈر کے راستے ہندوستان سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دے دی ہے۔

پاکستان کی سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی غرض سے انڈیا سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات واہگہ بارڈر اور طورخم کے راستے افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیصلہ انسانی امداد میں سہولت کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان کے عزم اور سنجیدگی کا مظہر ہے۔ ترجمان کے مطابق اس فیصلے سے وزارت خارجہ میں انڈین ناظم الامور کو آگاہ کر دیا گیا۔

بیان میں مزید کہنا تھا کہ حکومت ہند پر بھی زور دیا گیا کہ وہ افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ خیال رہے پچھلے ہفتے ہندوستان نے کہا تھا کہ وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے 50 ہزار ٹن گندم اور ادویات افغانستان بھیجنے کے لیے پاکستان کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے۔

ہندوستانی حکام نے کہا تھا کہ پاکستان کو اس حوالے کوئی شرائط نہیں رکھنی چاہئیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے کہا تھا کہ ہندوستان، پاکستان کے راستے افغانستان کے لیے انسانی امداد پہنچانے کا پرپوزل اکتوبر کے پہلے ہفتے میں تیار کیا تھا اور پاکستان کی جانب سے 24 نومبر کو اس حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی امداد کے حوالے سے پاکستان کو کوئی شرط نہیں رکھنی چاہیے۔ (ایجنسی)