ڈیڈ لائن کے بعد بھی لوگوں کو افغانستان سے نکلنے کی اجازت دی جائے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-08-2021
افغانستان کا بحران
افغانستان کا بحران

 

 

ٹورنٹو:کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مطابق گروپ آف سیون نیشنز کے رہنماؤں نے منگل کو طالبان پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت پر اتفاق کیا کہ 31 اگست کی ڈیڈ لائن کے بعد بھی لوگوں کو افغانستان سے نکلنے کی اجازت دی جائے۔

 انہوں نے کہا ’بین الاقوامی برادری طالبان سے کچھ واضح توقعات اور مطالبات رکھتی ہے اگر وہ تعمیری اور مثبت طور پر مصروف رہنا چاہتے ہیں ، چاہے وہ مالی طور پر ہوں ، چاہے وہ فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے ہوں۔ ہم جانتے ہیں کہ اب ہوائی اڈے تک رسائی اور آنے والے ہفتوں میں شہریوں کو ملک چھوڑنے کی اجازت غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔‘

دوسری جانب فرانسیسی ایوان صدر کے ایک عہدیدار کے مطابق جی سیون کی ترجیح ہے کہ افغانستان کے نئے طالبان حکمران دہشت گرد تنظیموں سے تمام تعلقات توڑ دیں اور طالبان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل ہونا چاہیے۔

صدر ایمانوئل میکرون نے افغانستان کے بارے میں جی سیون اجلاس میں شرکت کے بعد خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کو یہ بھی بتایا کہ 31 اگست کو افغانستان سے انخلا کی آخری تاریخ کا فیصلہ امریکہ کے ہاتھ میں ہے۔ طالبان کی جانب سے منگل کو کہا گیا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک سے تمام غیر ملکی انخلا 31 اگست کی آخری تاریخ تک مکمل ہو جائے اور وہ توسیع پر راضی نہیں ہوں گے۔

کابل میں پریس کانفرنس کے دوران وہاں موجود انڈپینڈنٹ اردو کے مینیجنگ ایڈیٹر ہارون رشید کے مطابق طالبان رہنماؤں نے دوران پریس کانفرنس ملک چھوڑنے والے شہریوں پر بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں امریکہ ایک سازش کے تحت بھیجا جا رہا ہے۔ انہوں نے افغان شہریوں جن میں ڈاکٹر، انجینئیر اور صحافی شامل تھے، سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک نہ چھوڑیں بلکہ ملک میں رہ کے عوام کی خدمت کریں۔