ملتان: پاکستان کے ملتان میں ایک فلائٹ سے سولہ افراد کو اتاردیا گیا۔ یہ لوگ بھیک مانگنے کے لئے سعودی عرب جارہے تھے۔ یہ عمرہ کے ویزا پر جارہے تھے اور وہاں جاکر بھیک مانگنے والے تھے۔ حکام نے جانکاری ملنے کے بعد انہیں فلائٹ سے اتار دیا۔ واضح ہوکہ گزشتہ دنوں ایک رپورٹ آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ دنیا بھر میں نوے فیصد بھکاری پاکستان سے ہیں۔ ایسی رپورٹیں آئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک پاکستانی بھکاریوں سے پریشان ہیں۔
سعودی عرب نے اب بھیک مانگنے پر پابندی لگا دی ہے۔ عمرہ کے نام پر سعودی جانے والے پاکستانی بھکاریوں کے گروپ کو ایئرپورٹ پر روک دیا گیا ہے۔ ان بھکاریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ تمام بھکاری اپنے ساتھ ایک بچے کو بھی لے جا رہے تھے۔ خلیجی ممالک بھکاریوں سے بھرے پڑے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر بھیک مانگنے والی حکومت پاکستان کو اب ان بھکاریوں کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس لیے ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے جمعہ کو سعودی عرب جاتے ہوئے بھکاریوں کے ایک گروپ کو پکڑ لیا۔ یہ سب عمرہ زائرین کے طور پر جا رہے تھے۔ سب سے حیران کن بات یہ ہے کہ اس میں خواتین اور بچے بھی تھے۔ یہ رپورٹ پاکستان کے اخبار ایکسپریس ٹریبیون سے سامنے آئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل کرنا تشویشناک ہے۔
ایف آئی اے کے ڈائریکٹر خالد انیس نے بتایا کہ اس سب کے پیچھے نورو نامی ایجنٹ ہے۔ اس سے ان لوگوں کو سعودی عرب کے مقدس شہر کا دورہ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یہاں یہ لوگ مقدس شہر میں بھیک مانگنے کا کام کرتے ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں آٹھ خواتین، چار مرد اور اتنے ہی بچے شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق یہ تمام افراد پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر گرفتار افراد کو مزید تفتیش کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا امیگریشن یونٹ اس گروہ کو پکڑنے اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کے لیے تحقیقات کر رہا ہے۔ حال ہی میں ایک ایسی رپورٹ سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں گرفتار ہونے والے بھکاریوں میں سے 90 فیصد کا تعلق پاکستان سے ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ بھکاری اکثر سعودی عرب کی مشہور مساجد حرمین شریفین کے اندر اور اس کے آس پاس جیب تراشی جیسے چھوٹے جرائم میں بھی ملوث ہوتے ہیں۔ یہ چونکا دینے والے اعدادوشمار بدھ کو سینیٹر منظور کاکڑ کی زیر صدارت وزارت سمندر پار پاکستانیز کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران سامنے آئے جس پر گرما گرم بحث ہوئی۔ اس دوران سیکرٹری داخلہ ذوالفقار حیدر نے اس حوالے سے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور عراقی یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ پاکستانیوں نے اپنی جیلیں بھر لی ہیں۔