پاکستانی کپتان بابراعظم پر خاتون کو ہراساں کرنے پرمقدمہ ہوگا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2021
بابراعظم برے پھنسے
بابراعظم برے پھنسے

 

 درج لاہور۔ پاکستان کے ممتاز کرکٹر بابر اعظم کا برا وقت شروع ہوگیا ہے۔ ان پر ایک خاتون کے استحصال کا الزام اب سنگین رخ اختیار کررہا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے لاہور کی ضلعی عدالت نے قومی کرکٹر بابر اعظم کے خلاف ایک خاتون کو بلیک میلنگ اور ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی رپورٹ پر دیا ہے جس میں ایف آئی اے اپنی ابتدائی انکوائری میں بابر اعظم کو ملزم قراردیا ہے۔

حامیزہ مختار نے عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی کہ قومی کرکٹر نے اسے ہراساں کیا ہے۔عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے ان موبائل نمبروں کی چھان بین کی جن سے مبینہ طور پر دھمکیاں دی گئی تھی۔ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ خاتون کو نوٹس جاری کیا گیا اور ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا۔

’انہوں نے جن نمبروں کی نشاندہی کی وہ نمبر ایک خاتون مریم احمد، محمد بابراور سلیمہ بی بی کے نام تھے۔ ان موبائل نمبروں کے رجسٹرڈ مالکان کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے بار بار نوٹس جاری کرنے کے باوجود یہ افراد پیش نہیں ہوئے جبکہ بابر اعظم کے بھائی فیصل اعظم نے ایف آئی اے میں پیش ہو کر وقت مانگا جو کہ دیا گیا اس کے باوجود بابر اعظم نے پیش ہو اپنا بیان ریکارڈ نہیں کروایا عدالت نے ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کی تھی۔

ایف آئی اے اپنی انکوائری رپورٹ میں بابر اعظم کو قصور وار قرار دیا ہے۔ جنوری میں عدالت نے حکم دیا تھا کہ خاتون کے الزامات حساس معاملہ ہے پولیس فوری قانون کے مطابق کارروائی کرے۔عدالت کا کہنا تھا کہ خاتون عدالتی فیصلہ لے کر متعلقہ ایس ایچ او کے پاس پیش ہوں۔

حامیزہ مختار کئی مہنیوں سے بابر اعظم کو مورد الزام ٹھہرا رہی ہیں، اور اس حوالے سے وہ کئی مرتبہ پریس کانفرنس بھی کر چکی ہیں اور مقدمے کے اندراج کے لئے ایف آئی اے کو درخواست بھی دے چکی ہیں تاہم ابھی تک ان کی درخواست پر مقدمہ درج نہیں ہوا جس کے بعد انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔

کپتان بابر اعظم نے ویڈیو لنک پریس کانفرنس میں اپنے خلاف کیس پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ذاتی مسئلہ عدالت میں چل رہا ہے، اس معاملے کو میرا وکیل دیکھ رہا ہے، مزید اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔