پاکستان : چھ امیدواروں میں سے کون بنے گا نیا سربراہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-11-2022
پاکستان :  چھ امیدواروں میں سے کون بنے گا نیا سربراہ
پاکستان : چھ امیدواروں میں سے کون بنے گا نیا سربراہ

 

 

 

اسلام آباد : پاکستان میں فوجی سربراہ کو چننے کا عمل تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ابب حکومت کے سامنے چھ افسران کے نام آئے ہیں جن میں سے کسی ایک کو فوجی سربراہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی تعیناتی کے لیے وزارت دفاع سے سمری موصول ہو گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے سرکاری اکاؤنٹ سے بدھ کو ٹویٹ میں کہا گیا کہ سمری میں چیف آف آرمی سٹاف اور چیئرمن جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدوں پر تقرری کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف متعین طریقہ کار کے مطابق ان تعیناتیوں سے متعلق فیصلہ کریں گے۔

فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر نے ایک ٹویٹ کی جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ ’جی ایچ کیو نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی سمری وزارتِ دفاع کو بھجوا دی ہے جس میں چھ سینیئر ترین جنرلوں کے نام شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر شامل ہے۔لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرے نمبر اور لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔

فور اسٹار جنرلز کی تعیناتیوں کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید پانچویں نمبر پر ہے جبکہ لیفٹیینٹ جنرل محمد عامر کا نام چھٹے نمبر پر شامل ہے۔

آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے جبکہ فور اسٹار تعیناتیوں کی رسمی منظوری صدر مملکت دیتے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ روز اس بات پر کشکمش کی صورت حال پیدا ہو گئی تھی جب مقامی میڈیا کے ایک حصے نے سمری موصول ہونے کی خبر چلانی شروع کر دی، تاہم حکومت نے ایسی کسی سمری کے موصول ہونے کی تردید کر دی۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی بدھ کی صبح ایک بیان کے ذریعے تصدیق کی کہ وزارت دفاع کی طرف سے بھجوائی گئی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہو گئی ہے اور یہ کہ اس سمری میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے عہدوں پر تقرری کے لیے ناموں کا پینل بھجوایا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف انہی چھ ناموں میں سے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا انتخاب کریں گے اور یہ اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔