پاکستان:160 روپے کلوتک فروخت ہو رہی ہے چینی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 05-11-2021
پاکستان:160 روپے کلوتک فروخت ہو رہی ہے چینی
پاکستان:160 روپے کلوتک فروخت ہو رہی ہے چینی

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں چینی کی قیمت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جس کے سبب میٹھی اشیاکی قیمتیں بھی آسمان چھونے لگی ہیں۔آج پاکستان میں چینی کہیں 140، کہیں 150 تو کہیں 160 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔

الزام ہے کہ عمران خان کی حکومت نے دانستہ طور پر چینی مل مالکان کو فائدہ پہنچانے کے لئے چینی مہنگی کی ہے۔ کہاجارہا ہے کہ مہنگی چینی بیچ کر تحریک انصاف کی حکومت میں شوگر ملز مالکان کو 265 ارب روپے کا اضافی فائدہ پہنچایا جاچکا ہے۔

صرف رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں شوگر ملز مالکان 67 ارب روپے کا اضافی منافع لے گئے۔ عمران حکومت نوٹس لیتی اور عوام کو دلاسے دیتی رہ گئی لیکن ملک میں چینی کی فی کلو قیمت ریکارڈ 150 روپے سے اوپر پہنچ گئی ۔

حکومت نے اس سے پہلے 28 اکتوبر کو چینی کی درآمد کا ٹینڈر تیسری بار منسوخ کیا تھا اور حکومتی ذرائع نے کہا تھا کہ یہ ٹینڈر مہنگی ترین بولی ہونے کے باعث منسوخ کیا گیا تھا۔

اس ٹینڈر کے ذریعے 50 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کی جانی تھی، ٹیکس سے قبل یہ چینی بندرگاہ پر 120 روپے فی کلو میں پڑتی جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو یہ چینی تقریباً 133 روپے فی کلو ملتی۔

اس سے پہلے چینی کی درآمد کا ایک اور ٹینڈر منسوخ کر دیا گیا تھا جس میں چینی کی بولی 117 روپے فی کلو دی گئی تھی مگر آج ملک میں چینی کہیں 140، کہیں 150 تو کہیں 160 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے، یہ ٹینڈر جنہیں مہنگا قرار دیا جا رہا تھا، ان سے ملنے والی چینی موجودہ قیمت سے تو سستی ہی پڑتی۔ (ایجنسی ان پٹ)