پاکستان : مسجد میں ڈانس پر صبا قمر کی معافی کی درخواست

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2021
 پاکستان : مسجد میں ڈانس پر صبا قمر کی معافی کی درخواست
پاکستان : مسجد میں ڈانس پر صبا قمر کی معافی کی درخواست

 

 

لاہور: مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور مسجد کا تقدس پامال کرنے کے کیس میں اداکارہ صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔

لاہور کے ضلع کچہری میں مسجد وزیر خان میں شوٹنگ، ویڈیو بنانے اور مسجد میں رقص کرنے کے باعث مسجد کا تقدس پامال کرنے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے کیس کی سماعت ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے صبا قمر کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

صبا قمر نے بیماری کے باعث عدالت میں حاضری معافی کی درخواست دائرکردی۔ درخواست گزار نے موقف اپناتے ہوئے کہا صبا قمر کچھ دنوں سے بخار میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق بیماری کی تشخیص کے لیے خون کے نمونے نجی لیبارٹری کو دیئے ہیں۔ بیماری کی بنیاد پر صبا قمر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ درخواست کے ساتھ صبا قمر کی ٹیسٹ کے لیے نمونے کی رسید بھی دی گئی ہے

 عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ صبا قمر اور بلال سعید کو طلب کر لیا۔ اس کے علاوہ عدالت نےاگلی سماعت پر ملزموں کی بریت کی درخواست پر وکلا کو بھی طلب کیا۔

عدالت نے دوران سماعت ملزموں کو ویڈیو کی یو ایس بی بھی فراہم کر دیں۔ کیس کا پس منظر گزشتہ برس اگست میں سوشل میڈیا پر صبا قمر اور بلال سعید کے گانے کی ریکارڈنگ کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کیا گیا تھا۔ ویڈیو پر سماجی اور مذہبی حلقوں سمیت سوشل میڈیا پر اس کی بھرپور مذمت کی گئی تھی۔ مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی کرنے پر اداکارہ اور گلوکار کے خلاف فرحت منظور خان کی مدعیت میں لاہور کے اکبری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔