پاکستان:عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا ترجمان کے گھر پر چھاپہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2022
پاکستان:عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا ترجمان کے گھر پر چھاپہ
پاکستان:عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا ترجمان کے گھر پر چھاپہ

 

 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ رخصت پذیر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا کے ترجمان ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر اتوار کی صبح چھاپہ مارا گیا ہے۔

اتوار کو پاکستان تحریک انصاف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پی ٹی آئی آفیشل نے واقعے کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’لاہور میں مبینہ چھاپے کے دوران ڈاکٹر ارسلان خالد کے خاندان کو ہراساں کیا گیا اور ان کے خاندان کے افراد سے موبائل فونز بھی چھینے گئے۔‘

ٹوئٹر اکاؤنٹ پی ٹی آئی آفیشل کے مطابق ’ڈاکٹر ارسلان خالد نے کبھی سوشل میڈیا پر نامناسب الفاظ استعمال نہیں کیے اور نہ ہی اداروں کو نشانہ بنایا۔‘ پی ٹی آئی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹر پر (وی سٹینڈ ود ڈاکٹر ارسلان خالد) کا ہیش ٹیگ چل رہا ہے۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ارسلان خالد کے گھر پر مبینہ چھاپے کی مذمت کی ہے۔ سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے ڈاکٹر ارسلان کے گھر پر چھاپے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پوری تحریک انصاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

’ ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر پر حملے کی خبروں پر انتہائی تشویش ہے، ارسلان انتہائی باصلاحیت، زیرک اور مخلص نوجوان ہے، پوری تحریک انصاف ارسلان خالد کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہو گی۔‘

 

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے ٹویٹ کیا کہ ان کو چھاپے کی امید تھی اس لیے انہوں نے ڈاکٹر ارسلان سے بات کر کے کسی اور جگہ منتقل ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

 

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ ڈاکٹر ارسلان کے گھر پر چھاپا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ’ڈاکٹر ارسلان جیسے محب وطن نوجوان قوم کا اثاثہ ہیں۔‘ ڈاکٹر ارسلان خالد نے رات گئے ٹویٹ کی تھی کہ عمران خان نے آخری بال تک مقابلہ کرنے کا وعدہ نبھایا۔

’آخری بال تک مقابلہ کرنے کا وعدہ نبھایا ہے۔ کل نیا دن، نئی جدوجہد۔ اللہ پاکستان کا حامی و ناصر ہو۔‘ ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر پر مبینہ چھاپے کی خبر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم کی کامیابی کے بعد سامنے آئی ہے۔ ڈاکٹر ارسلان خالد سابق وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا کے امور کو سنبھال رہے تھے۔(ایجنسی)