پاکستان: بجلی کا بریک ڈاؤن،ملک ہوا تاریکی میں غرق

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 23-01-2023
پاکستان: بجلی کا بریک ڈاؤن، کاروبار اور زندگی متاث،
پاکستان: بجلی کا بریک ڈاؤن، کاروبار اور زندگی متاث،

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں سوموار کی صبح بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی جس کے بعد ملک بھر میں کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

وفاقی وزیر توانائی خرم دستیگر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بجلی آج رات تک مکمل بحال ہو جائے گی۔ پیر کو پاکستان میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر توانائی نے بتایا کہ ملک بھر میں بجلی کا ترسیلی نظام محفوظ ہے، کسی قسم کا خلل، خرابی یا کوئی حادثہ نہیں پیش آیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے تعطل کی وجہ سے سرکاری اور نجی اداروں میں کام متاثر ہوا ہے۔ اسلام آباد سے اردو نیوز کے نامہ نگار وسیم عباسی کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بجلی کی بندش سے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ نا صرف گھریلو صارفین بجلی نہ ہونے کے باعث روشنی اور پانی سے محروم ہیں بلکہ گھروں میں انٹرنیٹ میں تعطل کے باعث بچوں کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

جن گھروں میں یو پی ایس کی سہولت موجود ہے وہاں پر بھی بیٹری ختم ہونے کے باعث مسائل ہیں۔ شہر میں کئی ٹریفک سنگلز بھی بند ہیں اور سٹریٹ لائٹس بھی نہیں چل رہیں، جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں جنریٹرز کے مسلسل استعمال کے باعث صرف ضروری ترین سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ پٹرول پمپس پر گاڑیوں کے ٹائروں میں ہوا بھرنے کی مشینیں بند ہیں۔ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں بجلی کی طویل بندش کے سبب دوکانداروں کے یو پی ایس کی بیٹریاں جواب دے گئیں اور دوکاندار موبائل فون جلا کر کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لوگ بجلی کی بندش کی وجہ سے موم بتیاں اور ایمرجنسی لائٹس خرید رہے ہیں۔