پاکستان:مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کاملک گیراحتجاج

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-10-2021
پاکستان:مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کاملک گیراحتجاج
پاکستان:مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کاملک گیراحتجاج

 

 

کراچی، لاہور، اسلام آباد:مہنگائی کیخلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کیا گیا، پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے کارکن سڑکوں پر آگئے،شہرشہر ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیے.

مہنگی اشیاء سے دلبرداشتہ لوگوں نے گرانی کا جنازہ بھی نکالا، پی ڈی ایم نے کراچی، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، لاہور، اسلام آباد، مری، قصور، مہمند، زیارت، مینگورہ اور مظفر آباد سمیت کئی شہروں میں بھی میدان لگایا۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کیخلاف نعرے لگائے، اپوزیشن نے کل بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے،

جماعت اسلامی نے پشاور اور آزاد کشمیر میں مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مہنگائی کا پتلا کندھوں پر اٹھا رکھا تھا ،قومی وطن پارٹی نے بھی پشاور میں مہنگائی کیخلاف ریلی نکالی۔

اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے اپنے پیغام میں عوام سے کہا کہ حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب مزید تباہی،مہنگائی اور بیروزگاری ہے، لوگ با ہر نکلیں، ظالم حکومت سے نجات حاصل کئے بغیر ملکی معیشت نہیں سدھرے گی،

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مہنگائی عوام کو کھا گئی، مظاہرے انکے غصے کا اظہار ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام گھبرائیں نہ عمران جارہا ہے،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نے پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کردیا، رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نالائق حکومت جائے تو ہی عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن نے مہنگائی کیخلاف جمعہ کے روز ملک گیر احتجاج کیا۔ کراچی میں پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ پیپلزپارٹی نے داؤد چورنگی پر قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے مزید اقتدار میں رہنے سے ملک تباہ ہو جائیگا، اسلئے انہیں گھر بھیجنا چاہیے، لوگ حکومت کی ناقص سماجی و معاشی پالیسیوں کی بدولت سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ (ایجنسی ان پٹ )