پاکستان:نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-05-2023
پاکستان:نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ  سر کر لی
پاکستان:نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی

 

اسلام آباد:     پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

رواں سال 2023 میں نائلہ کیانی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں۔
نائلہ کیانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ 14 مئی کی صبح 8 بج کر 2 منٹ پر وہ شرپا پاسنگ ٹمبا کے ہمراہ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچیں۔
 ثمینہ بیگ کے بعد نائلہ کیانی دنیا کی بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والی دوسری پاکستانی خاتون بن گئی ہیں۔
نائلہ کیانی واحد پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں جو دو سال کے عرصے میں 8 ہزار میٹر سے بلند پانچ چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔
ان میں کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ گیشر برم ون، گیشر برم ٹو اور اناپورنا شامل ہیں۔
نائلہ کیانی نے گزشتہ ماہ اپریل میں پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ہمراہ  نیپال میں واقع آٹھ ہزار 91 میٹر بلند چوٹی انا پورنا کو سر کیا تھا۔
 
 
 کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز ثمینہ بیگ نے سال 2013 اور 2022 میں اپنے نام  کیا تھا۔
ثمینہ بیگ سات جزیروں میں واقع سات بلند چوٹیاں بھی سر کر چکی ہیں۔