پاکستان:قومی اسمبلی میں چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2023
پاکستان:قومی اسمبلی میں چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور
پاکستان:قومی اسمبلی میں چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور

 

 اسلام آباد :پاکستان کی قومی اسمبلی نے پیر کو سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور کر لی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کے خلاف یہ تحریک پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ سومرو نے پیش کی تھی۔ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والی اس تحریک میں چیف جسٹس کے خلاف ’مس کنڈکٹ‘ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کمیٹی چیف جسٹس کے علاوہ دیگر ججز کے خلاف بھی مس کنڈکٹ کے تحت کاروائی کر سکے گی۔ علاوہ ازیں جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری املاک پر حملوں کے خلاف بھی مذمتی قرارداد قومی اسمبلی میں منظور ہوئی ہے۔

تحریک رکن قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ نے پیش کی، تحریک میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر کو اختیارات حاصل ہیں کہ وہ کمیٹی ممبران کو تبدیل کر سکتے ہیں، اسپیکر نے کہا تحریک کے حق میں زیادہ ممبران نے ہاں میں ووٹ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے، مختلف جماعتوں کے ارکان کمیٹی کے اختیارات سے متعلق مسودہ تیار کر رہے ہیں۔ خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی تجویز اب سے کچھ دیر قبل وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کی تھی۔ قبل ازیں، قومی اسمبلی میں آج کے ایجنڈے کی معمول کی کارروائی معطل کرنے کی تحریک بھی منظور کی گئی تھی۔ اجلاس میں جناح ہاؤس، جی ایچ کیو اور دیگر سرکاری املاک پر حملوں کے خلاف بھی مذمتی قرارداد منظور کی گئی، قرارداد رکن پی ٹی آئی وجیہہ قمر کی جانب سے پیش کی گئی تھی