پاکستان : ٹرین حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد62

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2021
بڑا حادثہ
بڑا حادثہ

 

 

کراچی :پاکستان میں گھوٹکی ٹرین حادثے میں جاں بحق مزید 7 افرادکی لاشیں نکال لی گئیں جس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 62 ہوگئی۔حادثے کے 100 زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے جب کہ لودھراں کے دوسگے بھائی، والدہ اور کزن بھی جاں بحق افراد میں شامل ہیں جن کی نمازجنازہ میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس کے علاوہ ماموں اور بھانجی کی میتیں سردارو والا پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔حادثے میں جاں بحق دو کمسنوں مومن اورہادی کی بھی شناخت ہوگئی، دونوں بچے ماں کے ساتھ کراچی سے فیصل آباد جارہے تھے۔ دوسری جانب ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کرلیا گیا، جائے حادثہ سے انجن اور 17 کوچز اٹھالی گئی ہیں جس کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک بحال کرکے ٹرین سروس بحال کرنے کا حکم دے دیا گیاہے۔ ڈی ایس نے بتایا کہ 29 گھنٹوں کے تعطل کے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کردی گئی، اتوار سے رکی ٹرینیں اب منزل مقصود کی طرف چلنا شروع ہوگئی ہیں البتہ متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹریننوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔