پاکستان: سیلاب میں قبرستان بہہ گیا، میتوں کی دوبارہ تدفین

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2022
پاکستان: سیلاب میں قبرستان بہہ گیا، میتوں کی دوبارہ تدفین
پاکستان: سیلاب میں قبرستان بہہ گیا، میتوں کی دوبارہ تدفین

 

 

پشاور؛:پاکستان میں سیلابی صورتحال بد سے بد تر ہوگئی ہے۔ ملک کا نصف سے زیادہ حصہ زیر آب ہے۔ ہاہا کار کا عالم ہے۔ حالات یہ ہیں کہ زندہ تو زندہ اب مردے بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔ سیلاب نے کئی قبرستانوں کو نگل لیا ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جہاں دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے وہیں کچھ علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے قبرستان بھی شدید متاثر ہوہے ہیں۔چارسدہ کی تحصیل شب قدر کا دلزاک قبرستان بھی انہی قبرستانوں میں سے ایک ہے جہاں سیلابی پانی داخل ہو کر کئی قبروں کا بہا لے گیا اور اب وہاں مدفون میتوں کے عزیز و اقارب دوبارہ ان میتوں کی تدفین کر رہے ہیں۔

 دریائے کابل کے کنارے دلزاک قبرستان سیلابی پانی کی وجہ سے متاثرہ ہوا تھا اور اب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میتوں کو دوبارہ دفن کرنے کے لیے تابوت فراہم کیے گئے ہیں۔ ضلعی ڈپٹی کمشنر عبدالرحمان کے مطابق زمینی کٹاؤ کی وجہ سے سیلابی پانی دریا کے قریب موجود قبروں کو بہا کر لے گیا تھا۔

مقامی لوگوں نے جب نشان دہی کی تو انہیں تابوت فراہم کیے گئے تاکہ ان میتوں کے عزیزواقارب ان کی دوبارہ تدفین کر سکیں اور اب میتوں کو دوبارہ دفن کر دیا گیا ہے۔

چارسدہ کے علاوہ نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ میں واقع قبرستان بھی دریائے کابل میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوا ہے اور سیلابی پانی اب بھی قبرستان میں موجود ہے۔ دلزاک علاقے کے رہائشی آصف خان نے انڈپینڈنٹ اردو کو فون پر بتایا کہ ’یہ اس علاقے کا تاریخی اور پرانا قبرستان ہے جہاں پر ہمارے بزرگ اور عزیزو اقارب دفن ہیں لیکن 20 سے 25 قبریں سیلابی پانی میں بہہ گئی ہیں۔‘

اس علاقے میں دریائے کابل کے کنارے آبادی بھی واقع ہے اور سیلاب نے پہلے گھروں کو متاثر کیا اور بعد میں قبرستان کی زمین کی کٹائی شروع کی۔ سیلاب کے دوران بعض لوگوں نے اپنے عزیزو اقارب کے میتوں کو وہاں سے نکال کر محفوظ مقام پر بھی دفن کیا۔

مطابق چارسدہ میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیمپ میں دو بچے پانی میں ڈوب گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق پانی میں ڈوبنے والے دونوں بچے بہن بھائی تھے جن کی عمریں آٹھ اور گیارہ سال تھیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کی لاشیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دیں ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں مجموعی طور پر ہونے والی 1186 اموات میں 386 بچے شامل ہیں۔