پاکستان : مختلف شہروں میں عمران خان کی حمایت میں مظاہرے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2022
پاکستان : مختلف شہروں میں عمران خان کی حمایت میں مظاہرے
پاکستان : مختلف شہروں میں عمران خان کی حمایت میں مظاہرے

 


اسلام آباد : پاکستان میں جمہوری نظام تو بچ گیا،قومی اسمبلی میں عمران خان حکومت کے عیر آئینی اقدام کے بعد عدالتی مداخلت کے سبب حکومت گر چکی ہے۔ سابق اپوزیشن اب اقتدار میں آنے کو تیار ہے۔  مگر پاکستان میں اتوار کی شب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی حمایت میں مختلف شہروں میں نعروں کی گونج سنائی دی۔سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو کہا تھا کہ اتوار کو ملک بھر میں پُر امن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ’غلامی قبول نہ کریں اور اتوار کو عشا کی نماز کے بعد باہر نکلیں اور پرامن احتجاج کے ذریعے یہ پیغام دیں کہ وہ آزاد قوم ہیں۔‘

تحریک انصاف کے شیڈول کے مطابق اتوار کی رات کو ملک کے بڑے شہروں میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکناں زیرو پوائنٹ سے ایف نائن پارک تک ریلی نکال رہے ہیں جس کی وجہ سے ایکسپریس وے پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ کے باہر ریلی نکالی گئی۔ لاہور کے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ فیصل آباد میں گھنٹہ گھر چوک اور ملتان میں نو نمبر چونگی پر احتجاج کیا گیا۔ لاہور مظاہرے میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرہ لاہور کے مشہور لبرٹی چوک میں کیا گیا۔

لاہور مظاہرے میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک

لاہور میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر ہزاروں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ مظاہرہ لاہور کے مشہور لبرٹی چوک میں کیا گیا۔تحریک انصاف کی جانب سے دی جانے والی کال کے مطابق تمام کارکنان کو رات 9 بجے لبرٹی چوک میں اکٹھا ہونے کی ہدایات کی گئی تھی تاہم نو بجے سے پہلے ہی کارکنان لبرٹی گول چکر میں اکٹھے ہونا شروع ہو گئے۔ تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں سے صرف محمود الرشید اس مظاہرے میں موجود تھے۔ مظاہرے میں لوگوں نے طرح طرح کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جب کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے خلاف غم و غصے کا اظہار بھی کیا جا رہا تھا۔ جب کہ اس مظاہرے میں پارٹی ترانے بھی چلائے جا رہے تھے جن پر کارکنان رقص کر رہے تھے اس مظاہرے میں سٹیج سے امریکہ کے خلاف بھی نعرے بلند بند کیے گئے۔ لبرٹی چوک میں ہونے والے اس مظاہرے کی وجہ سے لاہور کے مرکزی علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال رہی۔ مظاہرے کے شرکا میں خواتین، بزرگ اور بچے بھی تھے۔

کراچی میں مظاہرہ

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے تحت مرکزی مظاہرہ راشد منہاس روڈ پر کیا جا رہا ہے۔ مظاہرے میں خواتین بچوں سمیت بڑی تعداد میں کارکنان کی آمد شروع ہوگئی ہے۔ مظاہرے سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سمیت تنظیمی ذمہ دار خطاب کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے پرچموں اور عمران خان کی تصاویر کے ہمراہ کارکنان راشد منہاس روڈ پر جمع ہو رہے ہیں۔ مرکزی اسٹیج جوہر موڑ کے قریب لگایا گیا ہے۔

پشاور میں احتجاجی مظاہرہ

پشاور پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے جس میں مظاہرین نے ’عمران تیرے جان نثار بے شمار بےشمار‘ کے نعرے لگائے۔مظاہرین نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف بھی نعرہ بازی کی۔ مظاہرے سے پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا تیمور جگھڑا، کامران بنگش اور دیگر خطاب کریں گے۔

کوئٹہ میں کارکنوں کا احتجاج

کوئٹہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن پارٹی چیئرمین عمران خان کے حق میں سڑکوں پر نکل آئے۔ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار کارکنوں نے ائیرپورٹ روڈ، سمنگلی روڈ اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا، جبکہ منان چوک پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عمران خان کے حق میں اور امریکا کے خلاف نعرے لگائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کی حکومت کو بیرونی دباؤ اور ایجنڈے کے تحت ختم کیا گیا، لیکن پاکستان کی عوام دوبارہ عمران خان کو اقتدار میں لاکر بیرونی آلہ کاروں کو شکست دے گی۔‘