پاکستان: ڈیڈ لائن ختم۔ عمران کے کارکن غائب،ہُو کا عالم‘

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2023
پاکستان:  ڈیڈ لائن ختم۔ عمران کے  کارکن غائب،ہُو کا عالم‘
پاکستان: ڈیڈ لائن ختم۔ عمران کے کارکن غائب،ہُو کا عالم‘

 

 لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو دی گئی ڈیڈ لائن کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ حکومت نے گزشتہ روزالٹی میٹم دیا تھا کہ ’24 گھنٹے کے اندر اندر زمان پارک میں موجود اُن دہشت گردوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے جو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہیں۔‘ پنجاب کی نگراں حکومت کے ترجمان عامر میر کی طرف سے ایک پریس کانفرنس میں دی جانے والی ڈیڈ لائن کے بعد پولیس نے گذشتہ روز شام میں زمان پارک کے علاقے کی ناکہ بندی کر دی تھی۔

پنجاب پولیس نے جمعرات کو زمان پارک کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ وہاں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ زمان پارک سے کینٹ اور مال روڈ کو جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ گڑھی شاہو روڈ، مال روڈ پل اور کنال روڈ بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے گذشتہ روز زمان پارک میں شرپسندوں کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو انہیں پولیس کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔ اس سے قبل جمعرات کی صبح پولیس نے مال روڈ اور دھرم پورہ کے درمیان کینال روڈ کو بند کردیا تھا اور ان علاقوں میں پولیس کی نفری موجود تھی۔ کینال روڈ کو گذشتہ رات بھی کئی گھنٹے بند رکھنے کے بعد رات کو کھولا گیا تھا۔ زمان پارک میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی تعداد معمول سے کافی کم ہے۔

عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کینال روڈ پر ٹریفک رات گئے تک معطل رہی تاہم رات کو زمان پارک پر چند درجن کارکنان موجود تھے۔ پولیس نے کئی گھنٹے کے بعد کینال روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ پولیس کی نفری زمان پارک کے چاروں طرف موجود ہے۔ میڈیا کے علاوہ کسی کو بھی عمران خان کی رہائش گاہ کی طرف جانے کی اجازت نہیں۔

اس وقت صورت حال یہ ہے کہ زمان پارک کے چاروں اطراف سڑکوں پر ہُو کا عالم ہے اور عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر لگے کارکنوں کے کیمپس میں ایک بھی کارکن دکھائی نہیں دے رہا۔ چیئرمین تحریک انصاف کے ذاتی ملازمین، ذاتی سکیورٹی اور ضلعی حکومت کی جانب سے تعینات کیے گئے سکیورٹی اہلکار موجود ہیں۔ گذشتہ شب بھی میڈیا کے نمائندوں کو اندر بلا کر بتایا گیا تھا کہ کوئی بھی غیر متعلقہ شخص موجود نہیں ہے۔ اسی طرح جمعرات کو بھی میڈیا سے وابستہ افراد کو ہی گھر کے اندر تک رسائی دی گئی۔

زمان پارک کے گردوپیش میں ناکہ بندی کے باوجود پولیس کی بہت زیادہ نفری کو تعینات نہیں کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اڑھائی سو پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ عمران خان کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے باوجود ابھی پولیس کی جانب سے کسی طرح کے سرچ آپریشن کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ’حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا تاہم ابھی تک کسی بھی طرح کے آپریشن کے کوئی احکامات نہیں دیے گئے۔‘ ترجمان پنجاب حکومت عامر میر کا کہنا ہے کہ ’ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ابھی صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے میڈیا کا آگاہ کیا جائے گا۔