پاکستان: گراؤنڈ سے گرفتار مداحوں کی ضمانتیں منظور

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 12-01-2023
پاکستان: گراؤنڈ سے گرفتار مداحوں کی ضمانتیں منظور
پاکستان: گراؤنڈ سے گرفتار مداحوں کی ضمانتیں منظور

 

 

اسلام آباد: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور بابر اعظم سے ملنے کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہونے والے دونوں نوجوانوں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ کراچی جوڈیشل مجسٹریٹ ضلع شرقی کی عدالت نے 30، 30 ہزار روپے کے عوض دونوں شائقین کی ضمانت منظور کی

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں جاری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کے روز ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں دو نوجوان نیشنل بینک کرکٹ ارینا گراؤنڈ میں داخل ہوئے۔ دونوں نوجوان قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ گرفتار نوجوانوں کا نام محمد عباس خان اور جاوید خان ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مداحوں کو گرفتار کرلیا اور جمعرات کی صبح ضلع شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے دونوں مداحوں کی 30، 30 ہزار روپے میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

گرفتار مداحوں نے کمرہ عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’محمد رضوان سے محبت ہے ان سے ملنے کے لیے باؤنڈری کے اندر گئے۔ رضوان کی محبت میں ہتھکڑیاں لگ گئی ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم سے غلطی ہوگئی، ہم نے قانون کی خلاف ورزی کی۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’رہائی کے بعد سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ دیکھنے بھی سٹیڈیم جائیں گے۔‘