پاکستان: سیلاب سے نقصان کا جائزہ لینے یو این سیکریٹری جنرل کی آمد

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2022
پاکستان: سیلاب سے نقصان کا جائزہ لینے یو این سیکریٹری جنرل کی آمد
پاکستان: سیلاب سے نقصان کا جائزہ لینے یو این سیکریٹری جنرل کی آمد

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تناظر میں حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کے غرض سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس آج (جمعے کو) دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

ان کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے ان کا استقبال کیا۔ ان کے ساتھ محکمہ خارجہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران یو این سیکریٹری جنرل پاکستان کی اعلیٰ سیاسی قیادت اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی حالیہ تباہی سے متعلق قومی اور عالمی ردعمل پر تبادلہ خیال ہے

انتونیو گوتریس بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کا دورہ بھی کریں گے، جہاں وہ بے گھر خاندانوں اور میدان عمل میں پہنچنے والے پہلے امدادی کارکنوں سے ملیں گے۔ پاکستان میں رواں موسم گرما کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب نے بے پناہ تبائی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں ملک کا ایک تہائی خشک رقبہ پانی میں ڈوبا ہوا ہے جبکہ تین کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک تقریباً 1400 افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، جن میں تقریباً 500 بچے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کی رات میڈیا سے گفتگو میں ملک کے مخیر حضرات، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور عالمی برادری سے زیادہ سے زیادہ مدد کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے علاقوں میں فوری طور پر خوراک اور رہنے کے لیے خیموں کی ضرورت ہے، اسی طرح کھڑے پانی میں وبائی امراض کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر دوائیوں کی اشد ضرورت ہے۔