پاکستان :عمران خان کے بیان پر فوج ناراض: آئی ایس پی آر

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 05-09-2022
پاکستان :عمران خان کے بیان پر فوج ناراض: آئی ایس پی آر
پاکستان :عمران خان کے بیان پر فوج ناراض: آئی ایس پی آر

 


اسلام آباد: پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے پیر کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی فوج میں فیصل آباد میں ایک سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینیئر قیادت کے بارے میں توہین آمیز اور غیر ضروری بیان پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔‘ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ایک ایسے وقت میں پاکستان فوج کی اعلیٰ قیادت کو بدنام اور کمزور کرنے کی کوشش کی گئی ہے جب ادارہ پاکستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے روزانہ اپنے زندگیوں کی قربانی دے رہا ہے۔

بیان کے مطابق آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے طریقہ کار آئین میں واضح طور پر درج ہے اور سینیئر سیاست دان اس کے بارے میں تنازعے بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جو افسوس ناک ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ فوج کی اعلیٰ قیادت کی حب الوطنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں کئی دہائیوں پر محیط شاندار سروس سے واضح ہیں۔

بیان کے بقول: ’پاکستان فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنا اور آرمی چیف کی تعیناتی کے عمل کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے نہ ادارے کے۔‘ اس میں مزید کہا گیا کہ پاکستان فوج آئین پاکستان کی بالادستی کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

اس سے قبل پاکستان میں حکومتی اتحاد نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پاکستان فوج کے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف بیانات کو فوجی قیادت کے ’خلاف نفرت پھیلانے اور حساس پیشہ وارانہ امور کو متنازع بنانے‘ کی کوشش قرار دیا ہے۔

حکومتی اتحادی جماعتوں نے پیر کو ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ عوام سیلاب سے متاثر ہے جبکہ سابق وزیراعظم ’قومی اداروں اور عوام سے لڑ رہے‘ ہیں اور ’سنگین بہتان تراشی کر رہے ہیں جس کا مقصد معاشی بحالی کے عمل کو متاثر کرنا ہے‘ اور ’فوج کے رینک اینڈ فائل میں تصادم کی راہ ہموار کرنا ہے۔‘ عمران خان نے اتوار کی شب فیصل آباد میں ایک جلسے میں کہا تھا کہ نومبر میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی ہوگی اور ان کی حریف پیپلز پارٹی اور ن لیگ اس لیے انتخابات نہیں کروانا چاہتیں کیونکہ ’آصف زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔‘