نئی دہلی/ آواز دی وائس
پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد سے بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی سطح پر طاقت آزمائی جاری ہے۔ نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں عالمی سطح پر حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن پاکستان کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ نے اپنی اپنی راجدھانیوں میں غیر ملکی سفیروں کو اس حملے کے بارے میں بریفنگ دی۔
بھارتی سفارت کار کی کابل روانگی
قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارت نے وزارتِ خارجہ میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے انچارج جوائنٹ سیکریٹری ایم آنند پرکاش کو اس ہفتے کابل بھیجا۔ آنند پرکاش پہلے شنگھائی تعاون تنظیم کے امور دیکھتے تھے۔ ان کی کابل آمد سے پہلے ہی طالبان کی حکومت والے افغانستان کی وزارتِ خارجہ نے پہلگام دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی تھی۔
طالبان کا بیان پہلگام حملے پر
افغانستان کی اسلامی امارت کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے کہا کہ افغان اسلامی امارت کی وزارتِ خارجہ جموں و کشمیر کے پہلگام علاقے میں سیاحوں پر حالیہ حملے کی سخت مذمت کرتی ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات خطے کی سلامتی اور استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
افغان وزارتِ خارجہ کا بیان
افغان وزارتِ خارجہ کے مطابق ایک اعلیٰ بھارتی سفارت کار نے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور دو طرفہ سیاسی تعلقات کو مضبوط بنانے، تجارت اور ٹرانزٹ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر گفتگو کی۔
وزارت نے کہا کہ دونوں فریقین نے حالیہ علاقائی حالات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ متقی نے کابل اور دہلی کے درمیان سفارتی و اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی آمد و رفت کو آسان بنانے، تاجروں، مریضوں اور طلباء کو ویزا جاری کرنے کے عمل کو نارمل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
بھارت اور افغانستان کے تعلقات میں اضافہ
افغانستان کو امداد جاری رکھنے کے بھارتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، بیان میں کہا گیا کہ بھارت نے انفراسٹرکچر پراجیکٹس میں سرمایہ کاری اور معطل شدہ اقدامات کو دوبارہ شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے، ویزا عمل کو آسان بنانے، وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے، اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ یہ ملاقات وزیر خارجہ وکرم مسری اور متقی کی دبئی میں ہونے والی پچھلی ملاقات کے چند ماہ بعد ہوئی۔ اس دوران افغان فریق نے بھارت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ افغانستان کسی بھی ملک کے لیے خطرہ نہیں ہے۔
ترکی نے بھی بھارت کو دیا حمایت کا اشارہ
طالبان کے ساتھ بات چیت اور پہلگام حملے کی مذمت کے بیان کے درمیان بھارت نے ترکی کی وزارتِ خارجہ کے بیان کو بھی مثبت قرار دیا ہے۔
ترکی کے وزارتِ خارجہ نے انقرہ میں کہا کہ ہمیں یہ جان کر دکھ ہوا ہے کہ 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام علاقے میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد حملے میں کئی افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔ ہم اس سفاک حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
ترکی کی وزارتِ خارجہ نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
یہ قابل توجہ ہے کہ ترکی نے اپنے بیان میں اس حملے کو "دہشت گردانہ حملہ" کہا، جموں و کشمیر کو متنازع نہیں بتایا، اور حملے کی کھل کر مذمت کی — یہ سب ایک مضبوط اور مثبت سفارتی بیان کے اشارے ہیں۔