اقوام متحدہ:ہندوستان نے اقوامِ متحدہ میں کہا ہے کہ پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد عالمی برادری نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس (عدم برداشت) کی پالیسی کا ثبوت ہے۔ اقوامِ متحدہ میں ہندوستان کی نائب مستقل نمائندہ یوجنا پٹیل نے کہا: پہلگام حملہ، 26/11 ممبئی حملے کے بعد عام شہریوں کو نشانہ بنانے والا سب سے بڑا دہشت گرد حملہ ہے۔
ہندوستان دہائیوں سے سرحد پار دہشت گردی کا شکار رہا ہے، اور ہم بخوبی سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کے واقعات متاثرین، ان کے اہل خانہ اور پورے سماج پر کس قدر گہرے اثرات ڈالتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے انسداد دہشت گردی دفتر میں منعقدہ وِکٹمز آف ٹیرراِزم ایسوسی ایشن نیٹ ورک پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے یوجنا پٹیل نے کہا: پہلگام حملے کے بعد جس طرح عالمی برادری نے ہندوستان کی حمایت کی، ہم اس کی ستائش کرتے ہیں۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ پہلگام حملے کے بعد عالمی سطح پر مختلف رہنماؤں نے دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے ہندوستان سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا، جن میں: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ، روسی صدر ولادیمیر پوتن ، برطانوی وزیراعظم کیر اسٹارمر ، اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی ، فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون ، اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس شامل تھے۔
ان سب نے یک زبان ہوکر حملے کی شدید مذمت کی اور ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا۔ گزشتہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے پہلگام دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ کونسل نے مطالبہ کیا کہ حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں سزا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی تمام رکن ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تعاون کریں۔