آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ابھی نہیں ۔عمران خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-01-2022
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ابھی نہیں ۔عمران خان
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ابھی نہیں ۔عمران خان

 

 

 اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اب تک آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں نہیں سوچا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے دنیا ٹی وی اسلام آباد کے بیورو چیف خاور گھمن سے ون آن ون ملاقات میں کہا کہ موجودہ سال ابھی شروع ہوا ہے اور نومبر بہت دور ہے، پھر آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی فکر کیوں ہے۔ خاور گھمن کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے فوجی قیادت کے ساتھ بے مثال تعلقات ہیں۔

جب ان سے مسلم لیگ (ن) اور فوج کے درمیان ممکنہ ڈیل اور حکومت کو گھر بھیجنے کی افواہوں کے بارے میں پوچھا گیا کہ کیا انہیں کسی بھی جانب سے خطرہ محسوس ہوا، تو وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی قسم کے دباؤ میں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں حکومتی اتحادیوں کی حمایت حاصل ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت اپنے مینڈیٹ کے پانچ سال مکمل کرے گی۔

احتساب کے لیے اپنی پارٹی کی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اپوزیشن کی بڑی شخصیات پر بدعنوانی کے الزامات پر ابھی تک مقدمہ نہیں چلای اور کمزور پروسیکیوشن کی وجہ سے وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو(نیب) عدالت میں مقدمات لے جائے گا لیکن ان پر کارروائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بدعنوانی کے ثبوت ہونے کے باوجود ان کے خلاف کارروائی نہ کرنا ان کی حکومت کی سب سے بڑی کوتاہی قرار دیا جا سکتا ہے۔