عمرہ کرنے والوں کے لئے سعودی حکومت کی نئی گائیڈ لائنز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-04-2021
مسجدحرام میں سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ نمازکامنظر
مسجدحرام میں سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ نمازکامنظر

 

 

ریاض

سعودی عرب کی حکومت نے معتمرین کے لئے نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سعودی عرب کی وزرات حج نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ کرنے والوں کے لیے کچھ گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔

سعودی وزارت حج کے مطابق عمرہ پر آنے والوں کوعمرہ کی ادائیگی سے 6 گھنٹے قبل مکہ کے کیئر سینٹر پر جاناہوگا،جہاں وہ اپنی کورونا ویکسی نیشن کا اسٹیٹس چیک کریں گے۔

وزارت حج کےمطابق کیئر سینٹر میں زائرین کو ایک بریسلیٹ دیا جائے گا جو انہیں لازمی طور پر پہننا ہوگا اس کے بعد انہیں الشبیخہ سینٹر جانے کی ہدایت کی جائے گی جہاں زائرین اپنا بریسلیٹ دکھائیں گے اور اسکے ذریعے ان کے ڈیٹا اور اجازت نامے کی تصدیق کی جائے گی۔

سعودی وزارت حج نے زائرین پر زور دیا ہےکہ وہ اپنی عمرہ کی تاریخ اور ان کے لیے تعین کردہ وقت کی پابندی کریں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ مارچ سے بیرون ملک کے شہریوں کو سخت ایس او پیز کے ساتھ عمرے کی اجازت دی تھی جب کہ اس سلسلے میں سعودی وزارت حج نے دو ایپلی کیشنز بھی متعارف کرائی ہیں جن کے ذریعے شہری رمضان کے اوقات میں عمرہ اور نماز کی ادائیگی کا وقت مقرر کرسکتے ہیں۔

(ایجنسی ان پٹ)