عمران خان کی نااہلی کے بعد پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2022
عمران خان کی نااہلی کے بعد پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج
عمران خان کی نااہلی کے بعد پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج

 

 

اسلام آباد: پاکستان میں توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

نااہلی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج پر پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سری نگر ہائی وے پر ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور شہر کے مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور ٹائر جلاکر ٹریفک کو بلاک کردیا۔

تحریک انصاف ضلع پشاور کے عہدیداروں نے حیات آباد روڈ، کوہاٹ روڈ، کوہاٹی گیٹ اور پیر زکوڑی پُل پر مظاہرہ کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ کارکنوں کی زیادہ تعداد پشاور موٹروے انٹرچینج پر جمع ہوئی اور ٹائر جلا کر موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اپنے ویڈیو پیغام میں کارکنوں کو گھروں سے نکلنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف خود بھی دیگر وزرا سمیت احتجاج کے لیے نکل رہے ہیں۔

پشاور کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر شہروں نوشہرہ، کوہاٹ، انڈس ہائی وے کرک، چترال، دیر اور ضلع خیبر میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مظاہرہ کرکے ٹریفک کو بند کر رکھا ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کے حق میں اور الیکشن کمیشن اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی

دوسری جانب عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد ضلع چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے جشن منایا گیا۔ کارکنوں نے بازار میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ کراچی میں اردو نیوز کے نمائندے زین علی کے مطابق الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکن شہر کی سڑکوں پر نکل آئے۔

انہوں نے کراچی کی مرکزی شارع فیصل کو ایک طرف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا اور ریلی کی صورت میں صوبائی الیکشن کمیشن کے آفس کی جانب مارچ شروع کردیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ایک ریلی کی صورت میں صوبائی الیکشن کمیشن کے آفس کی جانب جارہے ہیں، ریلی کی قیادت سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کررہے ہیں۔ کورنگی سمیت کچھ دیگر مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ احتجاج کے دوران خواتین کارکن سب سے آگے مارچ کرتی رہیں جس کی وجہ سے پولیس کی نفری پیچھے ہٹ گئی۔

اس موقع پر تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی کا کہنا تھا کہ ’ان کی جماعت الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف خواتین اور کارکنوں سمیت پرامن احتجاج کرے گی، تاہم اگر اس احتجاج کو روکا گیا تو نتائج کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈلائن ہے اور اب تم نے وہ ریڈلائن کراس کر لی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مائنس ون فارمولہ ہے جس کی کافی عرصے سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن یہ مائنس ون فارمولہ عوام کو منظور نہیں ہے۔‘ صوبہ پنجاب میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف ملتان، اٹک، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں

اُدھر اسلام آباد پولیس نے متعدد ٹویٹس میں اپیل کی ہے کہ ’براہ مہربانی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

’مہربانی اسلام آباد آنے اور جانے والی ٹریفک کی آڑ مت لیں۔ہر طرح کا پرامن احتجاج قانونی حق ہے۔راستے بند کرنا اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا خلاف قانون عمل ہے۔‘ اسلام آباد پولیس نے مزید کہا کہ ’دوسرے صوبوں کی حکومتوں سے گزارش ہے کہ غیر قانونی اجتماعات کی وفاقی دارالحکومت کی طرف نقل و حرکت کو روکیں۔ فیض آباد میں صورت حال کے مطابق پولیس آنسو گیس کا استعمال کررہی ہے۔‘

بزرگوں، عورتوں، بچوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ تمام افراد سے گزارش ہے کہ وہ ہسپتالوں کے راستوں کو کُھلا رکھیں۔‘ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ’سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس ہائی وے پر جو افراد مختلف ٹولیوں کی صورت میں احتجاج کررہے ہیں۔‘ ’ان سے گزارش ہے کہ آپ کی وجہ سے بہت سارے مریض خواتین، بچے اور بزرگ شہری ٹریفک میں پھنسے ہیں۔ راستوں کو بند مت کریں اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔‘ اسلام آباد پولیس نے گزارش کی کہ ’عام نقل و حرکت میں بے جا رکاوٹیں اور مشکلات کھڑی نہ کریں۔ احتجاج قانونی حق ہے اور اس کا پرامن طریقے سے استعمال کری