دنیامیں کورونا وائرس سے 39 لاکھ سے زیادہ اموات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2021
کورونا میں کہاں کتنے مرے
کورونا میں کہاں کتنے مرے

 

 

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، کورونا کی تیسری لہر کے دوران مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

 دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پونے 5 لاکھ سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ساڑھے 9 ہزار سے زائد کورونا مریض موت کے منہ میں پہنچ گئے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 کروڑ 34 لاکھ 63 ہزار 661 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 39 لاکھ 72 ہزار 576 ہو گئیں۔

 کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 15لاکھ 29 ہزار 29 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 78 ہزار 561 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 16 کروڑ 79 لاکھ 62 ہزار 56 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

 کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 20 ہزار 645 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 45 لاکھ 61 ہزار 403 ہو چکی ہے۔

 کورونا وائرس کے امریکا میں 48 لاکھ 88 ہزار 671 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 3 ہزار 868 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 کروڑ 90 لاکھ 52 ہزار 87 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

ایک  ارب سے زائد آبادی والا ملک ہندوستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 312 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 4 لاکھ 58 ہزار 251 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 20 ہزار 189 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 86 لاکھ 22 ہزار 304 ہو گئی۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 1 لاکھ 11 ہزار 111 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کل کیسز 57 لاکھ 77 ہزار 965 رپورٹ ہوئے ہیں۔

 کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 1 لاکھ 36 ہزار 565 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 55لاکھ 61 ہزار 360 ہو چکی ہے۔

 ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 49 ہزار 774 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 54 لاکھ 30 ہزار 940 ہو چکے ہیں۔

 برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 28 ہزار 162 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 48 لاکھ 28 ہزار 463 ہو چکی ہے۔

 ارجنٹینا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 94 ہزار 772 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 44 لاکھ 91 ہزار 551 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔ کولمبیا میں کورونا وائرس 1 لاکھ 7 ہزار 137 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے42 لاکھ 69 ہزار 297 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 اٹلی اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 1 لاکھ 27 ہزار 587ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 42 لاکھ 60 ہزار 788 ہو گئے۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 44 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 7 ہزار 832 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 126 تک جا پہنچی ہے۔

ایک ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 100 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 91 ہزار 810 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے، ملک میں کورونا سے کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے۔