یورپی یونین میں 11 کروڑ افراد غربت اور سماجی اخراج کے خطرے سے دوچار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2021
یوروپ بھی غربت کی لپیٹ میں
یوروپ بھی غربت کی لپیٹ میں

 

 

برسلز

اقوام متحدہ کے ایک ماہر نے خبردار کیا ہے کہ یورپین یونین میں اس وقت 9 کروڑ افراد اور 2 کروڑ بچے غربت اور سماجی اخراج کے خطرے کا شکار ہیں۔

یہ بات اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے انسانی غربت اور انسانی حقوق اولیوئیر دی سخوتر نے گزشتہ روز شائع کردہ ایک رپورٹ میں بتائی۔

انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت یورپ بھر میں 7 لاکھ افراد رات کے وقت سڑکوں پر سوتے ہیں ۔ اس کے ساتھ ہی 30 فیصد معذور بھی غربت کے شدید خطرے کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد ناقابل قبول ہے۔

یورپ کیلئے اب امتحان یہ ہے کہ وہ کوویڈ-19 کے پیش نظر اندھا دھند پالیسیوں کی بجائے غربت سے لوگوں کو نکالنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ مزید کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کرونا وائرس کے اثرات یورپین یونین کیلئے ایک سخت یاددہانی ہے کہ یورپ انسانی زندگی کو اپنی معاشی پالیسیوں پر فوقیت دے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یورپ میں ڈھائی کروڑ مزدور ملازمت پر ہونے کے باوجود غربت کا شکار ہیں۔ اس کی وجہ کم اجرت والی غیر معیاری ملازمتوں کے سیکٹر میں اضافہ ہے۔

اقوام متحدہ کے راپورٹر اپنی یہ رپورٹ 29 جون کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 ویں اجلاس میں پیش کریں گے۔ (ان پٹ ایجنسی)