طواف القدوم کے ساتھ بیت اللہ میں لبیک اللھم لبیک کی صدائیں گونج اُٹھیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-07-2021
 لبیک اللھم لبیک
لبیک اللھم لبیک

 

 

آوازدی وائس 

 کورونا احتیاطوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے عازمین حج کے قافلے مکہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور آج سے مناسک حج کا آغاز ہو جائے گا اس سلسلے میں مکہ سے باہر سے آنے والے عازمین حج نے مسجد الحرام پہنچ کر طواف القدوم کی سنت ادا کی۔

مکہ میں عازمین حج کے استقبال کیا جارہا ہے۔جس کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آج سنیچر کی صبح فجر کے بعد چھ بجے سے عازمین حج کا استقبال شروع ہوا جو دو روز تک جاری رہے گا۔

چار مقامات پر عازمین کے 10 گروپوں کا استقبال کیا گیا۔ ہر گروپ میں تقریبا تین ہزارعازمین ہیں۔ٰ

حج و عمرہ اسپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی کا کہنا تھا کہ ’اس وقت تمام ضروری امورانجام دئیے جاچکے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ’یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ بعض عازمین براہ راست مسجد الحرام مکہ مکرمہ جانا چاہتے ہیں۔

یہ حج آپریشن کے مقررہ انتظام کے خلاف ہے۔ کوئی بھی عازم حج براہ راست مسجد الحرام جانے کی کوشش نہ کرے۔میجر جنرل محمد البسامی نے کہا کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ حاضری کے حوالے سےعازمین کے قافلوں کا شیڈول تیار کیا جارہا ہے۔

  مطاف کے صحن، حرم مکی کی زمینی اور پہلی منزل کی گنجائش محدود ہے۔ یہ اور اس جیسے تمام مسائل حل کرنے کے لیے ہمارے پاس واحد اختیارعازمین کی قافلہ بندی اور سارے حج عمل کو منظم کرنے کے سوا اور کچھ نہیں۔‘  علاوۃ ازیں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے اس سال عازمین کو حج کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے 30 لاکھ ایس ایم ایس بھیجنے کی تیاریاں کی ہیں۔

 مجموعی طورپر 33 لاکھ 20 ہزار 706 ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے جو حج احکام پر مشتمل ہوں گے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور ’حج امن و سلامتی کے ساتھ‘ کے عنوان سے آگہی مہم چلا رہی ہے۔

مسجد الحرام کی سینیٹائزنگ

سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے کہا ہے مسجد الحرام میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔

awazurdu

مسجد الحرام میں جراثیم کش دواوں کا استعمال ہورہا ہے 

 چھتوں، فرش اور پورے ماحول کو سینیٹائز کرنے کے لیے 450 سے زیادہ سینیٹائزنگ پمپ اور 30 سے زیادہ مشینوں کا انتظام ہے۔ مسجد الحرام کے ایک، ایک حصے کو سینیٹائز کرنے میں روزانہ پندرہ ہزار لٹر سے زیادہ جراثیم کش مادہ استعمال کیا جارہا ہے۔

 مسجد الحرام کے تمام دروازوں پر 70 سے زیادہ تھرمل کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ٹیسٹنگ کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے ماہرین نے مسجد الحرام کے ہر حصے میں ٹریک بنائے ہیں۔ تھرمل کیمرے ایک سیکنڈ میں 6 سے 8 افراد کو چیک کر سکتے ہیں۔

 تین ہزار الیکٹرانک چیئر اور 5 ہزار ویل چیئر کا انتظام کیا گیا ہے۔ ویل چیئر کی بکنگ ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے یا صفا پر موجود کاؤنٹر سے براہ راست چیئر حاصل کی جا سکتی ہے۔

awazurdu

عازمیان حج کی آمد کا سلسلہ شروع

 مسجد الحرام میں زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے پر مامور ادارے کے معاون ڈائریکٹر فہد الجعید نے بتایا کہ روزانہ چار بار قالین کی صفائی کا پروگرام ہے تاکہ زائرین ہر طرح کے وائرس سے محفوظ رہیں۔ مسجد الحرام میں نماز کے لیے مختص مقامات پر بچھے ہوئے 13500 قالینوں کو روزانہ اٹھایا جاتا ہے انہیں دھونے اور سینیٹائزنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

 مسجد الحرام میں ’پلاسٹک والے فرش‘ کی صفائی اور سینیٹائزنگ کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر دسیوں مشینیں سینیٹائزنگ کا کام کر رہی ہیں۔ روزانہ 900 لٹر سینیٹائزر رکھے جارہے ہیں۔

ہر شفٹ میں 300 لٹر کے لگ بھگ سینیٹائزر استعمال ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں قالینوں اور چھتوں کو سینیٹائز کرنے میں روزانہ 3500 لٹر مادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ مسجد الحرام میں ایئرکنڈیشن، ایئرسسٹم کی صفائی روزانہ نو بار کی جاتی ہے اور اسے بالائے بنفشی شعاعوں سے سینیٹائز کیا جا رہا ہے۔

مسجد کی انتظامیہ نے زائرین کے مسجد الحرام میں داخلے کے لیے 262 دروازوں پر انتظامات کیے ہیں۔ ان میں سے تیرہ معذوروں کے لیے ہیں۔ 24 گھنٹے 69 دروازے کھلے رہتے ہیں۔ جمعے کے دن مزید دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔

 آپ کی چھتری آپ کے ہاتھوں میں

 سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے اس سال خاص سکیم ’آپ کی چھتری آپ کے ہاتھوں میں‘ کے عنوان سے مسجد الحرام کے زائرین، نمازیوں اور اہلکاروں میں بارہ ہزار چھتریاں تقسیم کی ہیں۔

 مقدس مساجد کی انتظامیہ یہ سکیم حج موسم کے حوالے سے چلا رہی ہے۔ انتظامیہ کے ماتحت سماجی خدمات کے ادارے کے انچارج جنادی بن علی مدخلی نے کہا کہ ’مقدس مساجد کی انتظامیہ عازمین حج ، نمازیوں،مسجد الحرام کے زائرین اور اہلکاروں کو دھوپ اور کورونا وبا سے بچانے کے لیے متعدد اقدامات کررہی ہے‘

awazurdu

تیز دھوپ اور گرمی سے بچاو کا کے لیے چھتری سے  بہتر سہارا کوئی نہیں

 انہوں نے کہا کہ ’آپ کی چھتری آپ کے ہاتھوں میں‘ ان سکیموں میں سے ایک ہے۔ جنادی بن علی مدخلی کا کہنا ہے کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ چاہتی ہے کہ ’زائرین اور حج کے عازمین نیز اس کے اہلکار اور کامیابی میں شریک اداروں کے کارکان صحت و سلامتی کے ساتھ رہیں‘۔

 میدان عرفات میں خیمے نصب

 اس سال حج کے دوران میدان عرفات میں 60 ہزار حجاج کو ٹھہرانے کے لیے خیمے نصب کردیے گئے ہیں۔بجلی کی وائرنگ کا کام بھی مکمل کرلیا گیا۔ تمام انتظامات سلامتی ضوابط کے مطابق کیے گئے ہیں۔ خیمہ پروجیکٹ کے ایک عہدیدار طارق حریری نے بتایا کہ’ میدان عرفات میں خیموں کا کل رقبہ 3 لاکھ مربع میٹر ہے۔ ہر حاجی کے لیے 5 میٹر کے لگ بھگ جگہ مختص کی گئی ہے۔

awazurdu

میدان عرفات میں خیموں کا منظر

‘کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام حفاظتی تدابیر کی پابندی کی کوشش کی گئی ہے۔ طارق حریری کا کہنا تھا کہ ’ میدان عرفات میں بجلی کی وائرنگ کی لمبائی 100 کلو میٹر کے لگ بھگ ہے۔ 142 میگا واٹ بجلی استعمال ہوگی۔میدان عرفات حجاج کے استقبال کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ یہاں حجاج 9 ذی الحجہ کو ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کرتے ہیں۔- یہاں سے حجاج سورج غروب ہونے کے بعد مغرب کی نماز ادا کیے بغیر مزدلفہ کے لیے روانہ ہوتے ہیں اور وہاں وہ رات گزارتے ہیں

 مسجد نبوی کے صحنوں میں نئے ٹائلز 

سعودی عرب میں مسجد نبوی کے صحنوں میں نئے ٹائلز لگائے گئے ہیں۔ان کی خوبی یہ ہے کہ یہ گرمی جذب کرتے ہیں اور ان پر چلتے وقت زائرین ٹھنڈک محسوس کرتے ہیں۔

 مسجد نبوی کے بیرونی صحنوں میں سفید یونانی سنگ مرمر کے ٹائلز ایک لاکھ 8 ہزار مربع میٹر کے رقبے میں لگائے گئے ہیں۔خاص قسم کا یہ سنگ مرمر یورپ، ایشیا اور افریقہ کے چند ملکوں سے منتخب کیا جاتا ہے۔ سب سے بہترین سنگ مرمر اٹلی کا ہوتا ہے۔ مسجد نبوی کے فرش کا بڑا حصہ اٹلی سے درآمد شدہ سنگ مرمر والے ٹائلز پر مشتمل ہے۔ 98 ہزار مربع میٹر کا فرش اطالوی ٹائلز سے آراستہ ہے۔ یہی سنگ مرمر مسجد نبوی کے ستونوں کے اوپر بھی لگائے گئے ہیں ان ستونوں کی تعدا د دو ہزار 345 ہے۔

awazurdu

مسجد نبوی میں نیا فرش ۔جو رہے گا گرمی میں بھی ٹھنڈا

علاوہ ازیں مسجد نبوی کے صدر دروازوں، چھوٹے داخلی دروازوں اور ستونوں کے درمیان واقع مقامات پر اسلامی نقش و نگار سے مزین رنگین سنگ مرمر لگایا گیا ہے۔ یہ سنگ مرمر اٹلی کےعلاوہ سپین، انڈیا اور ترکی سے درآمد کیا گیا۔ مسجد نبوی کی زمینی منزل کی دیواروں اور چھت پر پرتگال کا معروف سنگ مرمر روزا لگا ہے۔ یہ 4700 مربع میٹر میں بچھایا گیا ہے۔