لدھیانہ کورٹ بلاسٹ:ایک ہلاک ،دوزخمی

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 23-12-2021
لدھیانہ کورٹ بلاسٹ:ایک ہلاک ،دوزخمی
لدھیانہ کورٹ بلاسٹ:ایک ہلاک ،دوزخمی

 

 

لدھیانہ: جمعرات کو لدھیانہ کی ایک عدالت میں دھماکہ ہوا، جس میں ایک شخص ہلاک اور دو افراد زخمی ہوئے۔ دھماکا لدھیانہ ڈسٹرکٹ کورٹ کے احاطے کی دوسری منزل کے واش روم میں ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ اسے زیادہ شدت کا دھماکہ قرار دیا جا رہا ہے۔

کمرہ عدالت میں ریڈرس روم کے قریب ہی واش روم تھا، وہاں دھماکا ہوا ہے۔ اس واقعے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ جس وقت دھماکا ہوا اس وقت عدالت کے احاطے میں وکلا سمیت متعدد افراد موجود تھے۔

دھماکے کے بعد احاطے میں کہرام مچ گیا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ نچلی منزل کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ فی الحال پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ یہ دھماکہ کس نے اور کیوں کیا۔ اس دھماکے سے پوری عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

پنجاب میں آئندہ چند ماہ میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ایسے وقت میں عدالت کے احاطے میں اس طرح کا دھماکہ امن و امان پر سوال اٹھاتا ہے۔ لدھیانہ کے پولیس کمشنر گرپریت سنگھ بھولر نے بتایا کہ 1 شخص کی موت ہوئی ہے اور 2 لوگ زخمی ہیں۔

زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ دھماکا عدالت کی دوسری منزل پر باتھ روم میں ہوا۔ باتھ روم کے ساتھ ریکارڈ روم بھی تھا۔ کمشنر نے کہا کہ اینٹی بم اسکواڈ اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ رہی ہیں۔ گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔

مزید تفصیلات تفتیش کے بعد دیں گے۔ فی الحال علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے۔

دھماکے کے حوالے سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں ملک دشمن طاقتیں یہ کام کررہی ہیں۔ ہم قصورواروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ میں موقع پر جا رہا ہوں۔