لندن: نواز شریف پرموبائل سے حملہ۔ گارڈ زخمی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 03-04-2022
لندن: نواز شریف پرموبائل سے حملہ۔ گارڈ زخمی
لندن: نواز شریف پرموبائل سے حملہ۔ گارڈ زخمی

 

 

لندن :پاکستان میں سیاست کا دنگل جاری ہے اور اب عمران خان کی حکومت کے آخری چند گھنٹے ہی بچے ہیں۔لیکن اس سے قبل ایک بڑی خبر لندن سے آئی ہے۔ لندن میں ایک شخص نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

لندن میں موجود صحافی مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق شایان نامی شخص اور ان کی والدہ صدف ممتاز نے نواز شریف کے گارڈ کو موبائل فون پھینک کر مارا۔

صحافی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ سابق وزیراعظم کے گارڈ نے پولیس کو بتایا کہ شایان نے نواز شریف پر حملے کی کوشش کی اور روکے جانے پر گارڈ پر حملہ کردیا۔ دوسری جانب صحافی کا کہنا ہے کہ شایان کے والد کے مطابق گارڈز نے ان کے بیٹے پر تشدد کیا ہے۔

لندن میں موجود ایک اور صحافی اظہر جاوید نے بھی ایک حملے میں نواز شریف کے گارڈ پر حملے کی تصدیق کی ہے۔ ٹویٹر پر شیئر کی گئی تصاویر میں گارڈ کے سر پر زخم کا نشان دیکھا جاسکتا ہے۔ اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا ’انشاء اللہ ان کو اب نہیں چھوڑنا۔‘ صحافیوں کا دعویٰ ہے کہ یہ واقعہ پولیس کو رپورٹ کردیا گیا اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔