غلاف کعبہ کی صفائی اور و مرمت کی پانچ روزہ مہم کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2021
خانہ کعبہ کی دیکھ ریکھ
خانہ کعبہ کی دیکھ ریکھ

 

 

مکہ ۔ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،سعودی عرب میں زائرین کی تعداد میں عمرہ کے سبب زبردست اضافہ ہوگا۔حالانکہ کورونا کی وبا کے سبب سب کچھ محدود ہے۔ان احتیاطی تدابیر کے ساتھ روایتی کام اور دیکھ ریکھ کا کام بھی جاری ہے۔ سعودی عرب میں مقدس مساجد کی انتظامیہ نے اتوار کو غلاف کعبہ کی صفائی اور اصلاح و مرمت کی پانچ روزہ مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ کام ماہ رمضان کے استقبال کے لئے کیا جارہا ہے۔14 ماہرین غلاف کعبہ کی صفائی اور اصلاح و مرمت کا کام انجام دے رہے ہیں جبکہ سٹینڈرڈ کنٹرولر اور ہیلتھ ایکسپرٹ کام کی نگرانی کررہے ہیں۔

مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی اصلاح و مرمت کے ادارے کے انچارج فہد الجابری نے بتایا کہ کام کی شروعات غلاف کعبہ کو کسنے کے لئے مختلف جہتوں سے اس کے بند کھول کر کیا گیا۔ شاذروان کے سنہرے حلقوں کے نیچے سادہ سیاہ کپڑا لگایا جارہا ہے جبکہ حجر اسود کا فریم اور رکن یمانی کا منقش فریم بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ اصلاح و مرمت کی کارروائی مکمل کرکے غلاف کعبہ کی صفائی ہوگی اور گردو غبار ہٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ کام چوبیس گھنٹے انجام دیا جارہا ہے کہیں ضرورت پڑی تو سلائی کا کام بھی ہوگا اور اگرکہیں کٹ ہوا تو اسے رفو بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ یہ کام بیس سالہ تجربہ رکھنے والے ہنر مند انجام دے رہے ہیں۔فہد الجابری نے بتایا کہ کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ میں کئی نوجوان ہنر مندوں سے ٹریننگ بھی لے رہے ہیں۔

awazurdu

 

awazurdu

کورونا کا خطرہ

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ان دنوں سعودی عرب میں کورونا وبا کے حالات اپریل 2020 سے ملتے جلتے لگ رہے ہیں۔ وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کی پابندی ناگزیر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے شروع سے کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ اعدادوشمار ایسے ہیں جیسا کہ گزشتہ برس ان دنوں ریکارڈ پر آئے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کل جو حالات ریکارڈ پر آرہے ہیں- وہ کورونا وبا کی شروعات سے بڑے ملتے جلتے ہیں۔ ان دنوں وبا کے خطرات کا شعور اور اس سے نمٹنے کے لیے آگاہی بڑھی ہے۔ اس کے باوجود ہر روز کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ العبد العالی نے کہا کہ تمام مقامات پر بھیڑ افسوسناک ہے، یہ لاپرواہی وبا کے پھیلنے کا باعث نہ بن جائے۔

خطا کاروں پر جرمانہ

 سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 28 مارچ سے 3 اپریل تک ایک ہفتے کے دوران کووڈ 19 ایس او پیز کی 27 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ پر آ ئی ہیں۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دارلحکومت ریاض میں 8 ہزار 800 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، مکہ مکرمہ میں 6 ہزار، الشرقیہ میں 3 ہزار 700 خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔ نجران میں سب سے کم 140 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں۔وزارت داخلہ نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدادیت کی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے جاری کردہ ضوابط کی پابندی کریں اور وبا سے بچاؤ کے لئے مطلوب ضوابط کا احترام کریں۔