منی لانڈرنگ،دہشت گردی کی فنڈنگ پربڑاجرمانہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2022
منی لانڈرنگ،دہشت گردی کی فنڈنگ پربڑاجرمانہ
منی لانڈرنگ،دہشت گردی کی فنڈنگ پربڑاجرمانہ

 

 

دبئی: متحدہ عرب امارات نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزامات ثابت ہوجانے پر 3.8 ارب درہم کے جرمانے عائد کیے ہیں۔

الاماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے لیے قائم ادارے نے بیان میں کہا کہ 2021 کے دوران 3.848 ارب درہم (1.048 ارب ڈالر) کے جرمانے کیے گئے۔

اماراتی ادارے نے بیان میں کہا کہ’ 625 ملین ڈالر کے اثاثے ضبط کیے گئے۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 64 ملین ڈالر کے جرمانے ہوئے۔ 5.3 ملین ڈالر بڑے مالیاتی اداروں سے وصول کیے گئے‘۔

’ٹیکس نہ دینے اور منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر متعدد افراد سے 10.8 ملین ڈالر بطور سزا وصول کیے گئے‘۔ دہشت گردی کی فنڈنگ کے انسداد کے حوالے سے 109 ملین ڈالر ضبط کیے گئے۔

منی لانڈرنگ اور دھوکہ دہی کا الزام ثابت ہونے پرابوظہبی کی عدالتوں کی جانب سے 48 افراد اور کمپنیوں پر 234 ملین ڈالر کا اجتماعی جرمانہ کیا گیا ہے۔

دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ سے نمٹنے والے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل حامد الزعابی نے کہا کہ اعدادوشمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ امارات دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے انسداد میں پیش رفت کر رہا ہے۔ (ایجنسی)