کراچی: فیکٹری میں آگ ۔15 ہلاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2021
خوفناک آتشزدگی
خوفناک آتشزدگی

 

 

کراچی:کراچی  کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے 15 مزدور موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

 فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری میں مختلف اشیاء کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور آگ پھیلتی گئی۔

آگ کی شدت سے عمارت کے کچھ حصے گرنے لگ گئے ہیں، فائربریگیڈ کے مطابق امدادی کارروائی کے دوران 2 ریسکیو اہلکار زخمی ہوئے ،ایک اہلکار فیکٹری کی دوسری منزل سے گر کر زخمی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی تمام کھڑکیاں گِرل لگا کر بند کی گئی تھیں، کمروں میں کھڑکیوں کے ساتھ سامان رکھ دیا گیا تھا تاکہ کوئی کھڑکی تک نہ آسکے، بظاہر ان اقدامات کا مقصد فیکٹری میں چوری کا روکنا معلوم ہوتا ہے۔

کیمیکل فیکٹری رہائشی پلاٹ پر ہے، کے ڈی اے حکام ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بیس سے زائد ہونے کا امکان ہے۔ آگ سے اندر کسی کے زندہ بچ جانے کے امکانات انتہائی معدوم ہیں، کوئی معجزہ ہی شاید کسی کو بچا سکے گا۔

چھیپا اور دیگر امدادی کارکنوں کی جانب سے فیکٹری میں پھنسے دیگر افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے میڈیا کو بتایا کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جو اس بات کا بھی پتہ لگائیں گے کہ فیکٹری کے مالک نے عمارت میں آگ بھجانے کے آلات لگا رکھے تھے یا نہیں۔

واقعے کے بعد چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کمشنر کراچی اور سیکریٹری لیبر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ دوسری جانب انہوں نے سیکریٹری صحت کو بھی ہدایات جاری کیں کہ زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔