کابل: جہاز سے گر کر مرنے والوں میں افغان فٹ بالر بھی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-08-2021
فٹ بالر جو جہاز سے گر کر مر گیا
فٹ بالر جو جہاز سے گر کر مر گیا

 

 

کابل : طالبان کے افغانستان پر قبضہ کے بعد کابل میں جو بھگدڑ مچی تھی ،لوگوں نے ایر پورٹ کا رخ کیا تھا،جہازوں میں چڑھ گئے تھے یہاں تک کے لٹک گئے تھے۔ اس میں جہاز کے اڑنے کے بعد دو نوجوانوں کے گرنے کا واقعہ ہوا تھا۔ کل ان میں سے ایک کی پہچان  ہوگئی تھی جو کابل کا ایک ڈاکٹر تھا۔

لیکن دوسرے کی پہچان اب ہوئی ہے جو 19 سالہ فٹبالر زکی انوری ہے۔

ہلاک ہونے والے اس فٹبالر کی عمر سے اندازہ لگاجاسکتا ہے کہ یہ اس وقت پیدا ہوا تھا جب طالبان کا گزشتہ اقتدار ختم ہوچکا تھا جبکہ اس نے ممکنہ طور پر اس دور کی صرف کہانیاں ہی سنی ہوں گی۔ افغانستان بالخصوص کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد جہاز کے ذریعے متعدد افراد نے وہاں سے نکلنے کی کوشش کی۔

اس کوشش کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز منظر عام پر آئیں جن میں لوگوں نے امریکی ایئرفورس کے سی 17 طیارے میں زبردستی سوار ہونے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ اڑان کے لیے چلتے ہوئے طیارے پر لوگوں نے چڑھنے کی کوشش کی اور کامیاب بھی رہے۔

تاہم اس کے بعد ملنے والی اطلاعات کے مطابق ان میں سے 2 افراد طیارے سے گر پڑے اور ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں۔

اسی طرح حالیہ اطلاعات کے مطابق طیارے کے لینڈ کرجانے کے بعد جب اس کی جانچ کی گئی تو اس کے پہیے سے بھی انسانی باقیات برآمد ہوئیں۔

تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ افغانستان کی بین الاقوامی یوتھ ٹیم کے فٹبالر نے بھی اسی طیارے پر سوار ہونے کی کوشش کی تھی۔

اس نوجوان کے فٹبال کلب خراساں لائنز نے بتایا کہ امریکی طیارے سی 17 کی ویڈیو میں جن نوجوانوں کو طیارے پر لٹکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ان میں فٹبالر زکی انوری بھی شامل تھے۔

بتایا گیا ہے کہ قطر پہنچنے والے طیارے میں زکی انوری کی باقیات بھی موجود تھیں۔