جوبائیڈن نے کی ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 22-09-2022
جوبائیڈن نے کی ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت
جوبائیڈن نے کی ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت

 

 

جنیوا: امریکی صدر جو بائیڈن نے ہندوستان کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنانے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے جاپان اور جرمنی کو بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کا مستقل رکن بنانے کی حمایت کی ہے۔

بائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے یہ جانکاری دی۔ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بدھ کو کہا کہ اس سمت میں ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی یہی مانتے تھے اور اب بھی مانتے ہیں کہ ہندوستان، جاپان اور جرمنی کو سلامتی کونسل کا مستقل رکن بنایا جائے۔

قبل ازیں صدر بائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ بائیڈن نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ وقت آگیا ہے کہ تنظیم کو مزید جامع بنایا جائے تاکہ یہ آج کے دور کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ارکان بشمول امریکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کا دفاع کریں اور ویٹو سے گریز کریں۔ بائیڈن نے کہا کہ ویٹو صرف خاص یا انتہائی حالات میں کیا جانا چاہیے، تاکہ کونسل کی ساکھ اور اثر برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ امریکہ سلامتی کونسل کے مستقل اور غیر مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے پر اصرار کرتا ہے۔ ان میں وہ ممالک بھی شامل ہیں جن کی مستقل رکنیت کے مطالبے کی ہم ایک عرصے سے حمایت کر رہے ہیں۔