اردون کو پانی فروخت کرکے اسرائیل کمائے گا کروڑوں ڈالر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2021
اردون کو پانی فروخت کرکے اسرائیل کمائے گا کروڑوں ڈالر
اردون کو پانی فروخت کرکے اسرائیل کمائے گا کروڑوں ڈالر

 

 

تل ابیب

اسرائیل اس سال اردن کو دُگنا پانی مہیا کرے گا اور اس کی مقبوضہ مغربی کنارے میں آباد فلسطینیوں کے لیے برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کرے گا۔

اسرائیل اور اردن کے وزرائے خارجہ کے درمیان عمان میں ملاقات میں پانی کی مقدار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیرخارجہ یائرلاپیڈ نے کہا ہے کہ اس سال کے دوران میں اردن کو پانچ کروڑ مکعب میٹر پانی فروخت کیا جائے گا۔

یائرلاپیڈ نے اردنی ہم منصب ایمن الصفدی سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ’’دونوں ملکوں نے غربِ اردن کے لیے اردن کی برآمدات سالانہ 70 کروڑ ڈالر تک بڑھانے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا ہے۔‘‘

اس وقت اردن 16 کروڑ ڈالر مالیت کی اشیاء مغربی کنارے میں آباد فلسطینیوں کے لیے بھیج رہا ہے۔ اسرائیلی وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ’’اردن ایک اہم ہمسایہ اور شراکت دار ہے۔ہم دونوں ملکوں کے مفاد میں اقتصادی تعاون کا دائرہ وسیع کریں گے۔‘‘

اسرائیل کے ایک عہدہ دار نے بتایا ہے کہ پانی کی اضافی مقدار سے اردن کوسپلائی دُگنا ہوجائے گی۔مئی 2021ء سے مئی 2022ء تک اردن کو قریباً پانچ کروڑ مکعب میٹر پانی مہیا کیا جائے گا جبکہ اتنی ہی مقدار میں پانی اس کو پہلے ہی مہیا یا فروخت کیا جاچکا ہے۔

اردن کے ایک عہدے دار کے مطابق اسرائیل 1994ء میں طے شدہ امن معاہدے کے تحت ہرسال ہاشمی مملکت کو تین کروڑ مکعب میٹر پانی مہیا کرتا ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)