عراق : فوجی ہیلی کاپٹر پر حملہ ۔5 ہلاک

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-07-2021
عراق میں نیا خطرہ
عراق میں نیا خطرہ

 

 

 بغداد: عراق کے درالحکومت بغداد کے قریب عراقی فوج کے ہیلی کاپٹر پر ہونے والے حملے میں پانچ فوجی ہلاک ہو گئے۔

یہ واقعہ جمعرات کو بغداد کے شمال میں ’جنگی مشن‘ انجام دینے والے ہیلی کاپٹر کو پیش آیا۔ سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر کو صوبہ صلاح الدین میں امرلی کے قریب زمین سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

 ان دنوں امرلی کے علاقے میں عراقی افواج داعش کے مشتبہ سلیپر سیلز کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں۔بغداد میں صحافیوں کو بھیجی گئی ویڈیو فوٹیج میں فائر فائٹرز کو ہیلی کاپٹر کے ملبے کو لگی آگ کو بجھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

عراقی فوج کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سکیورٹی فورسز نے منگل کو صلاح الدین کی سرحد سے متصل صوبہ کرکوک کے جنوبی علاقوں کی سرچ اینڈ کلیئر آپریشن شروع کیا تھا۔‘

دو ہیلی کاپٹرز اس علاقے میں ہائی وولٹیج پاور لائنوں والے کھمبوں کی جانچ میں مصروف تھے جب ان میں سے ایک کو نشانہ بنایا گیا۔

 حالیہ مہنیوں میں شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے ان پاور ٹرانسمیشن لائنز کو کئی بار نشانہ بنایا گیا ہے۔

 فوج کے مطابق جب دونوں ہیلی کاپٹر ضلع امرلی کے قریب پہنچے تو ان میں سے ایک کو زمین سے ’براہ راست نشانہ‘ بنایا گیا جس سے وہ تباہ ہو کر گر گیا۔

 تین سالہ خونی جنگ کے بعد سال 2017 میں داعش کا عراق سے خاتمہ کر دیا گیا تھا۔ تاہم اس دہشت گرد تنظیم کے صحرا اور پہاڑی علاقوں میں اب بھی سلیپر سیلز موجود ہیں جنہیں داعش نے عراق کے شہروں میں حملوں کے لئے لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کیا ہے۔

 رواں سال 19 جولائی کو بغداد کے شیعہ اکثریتی علاقے کےایک بازار میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری بھی اسی تنظیم نے قبول کی تھی۔

 ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنائے جانے کا واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا یے جب عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے امریکہ کے دورے کے موقعے پر کہا ہے کہ ان کے ملک کو داعش سے لڑنے کے لیے امریکی فوج کی ضرورت نہیں ہے