جکارتہ: انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں 5.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔ جس کے جھٹکے صوبہ ویسٹ جاوا میں بھی محسوس کیے گئے۔ یو ایس جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ویسٹ جاوا کا علاقہ سیانجر تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
سیانجر کے عہدیداران کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں علاقے میں 60 افراد ہلاک جبکہ 700 زخمی ہوئے، زلزلے سے درجنوں عمارات کو نقصان پہنچا جبکہ امدادی کام جاری ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں جبکہ کچھ کو خالی بھی کرایا گیا۔
’اعدادوشمار کے مطابق اب تک زلزلے سے 60 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 700 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘ گورنر رضوان کامل نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’زلزلے سے بے شمار عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں اور ابھی تک بے شمار افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘ ’ہمیں خدشہ ہے کہ وقت کے ساتھ زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔‘’
زلزلے کا مرکز دارالحکومت کے جنوب مشرق میں 75 کلومیٹر دور سیانجور کا قصبہ تھا۔ انڈونیشیا بحرالکاہل کے گرد اس علاقے میں واقع ہے جو آتش فشاں اور زلزلوں کے حوالے سے بہت خطرناک سمجھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے۔