نئی دہلی/ آواز دی وائس
کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ میں اقوامِ متحدہ کی مداخلت سامنے آئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف سے الگ الگ بات چیت کی اور پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی، جس میں 25 ہندوستان ی اور ایک نیپالی شہری ہلاک ہوئے۔
اقوامِ متحدہ کے بیان کے مطابق، سیکریٹری جنرل نے اپنی ٹیلیفونک گفتگو میں اس حملے پر انصاف اور جوابدہی کو قانونی طریقوں سے یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ایسے تصادم سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا جو سنگین نتائج پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے تناؤ کم کرنے کی کوششوں میں مدد دینے کے لیے اپنی "گڈ آفس" (مصالحتی خدمات) کی پیشکش بھی کی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں، ایس جے شنکر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی کال موصول ہوئی۔ پہلگام میں دہشت گرد حملے کی ان کی واضح مذمت کو سراہتا ہوں۔ ہم جوابدہی کی اہمیت پر متفق ہوئے۔ ہندوستان کا عزم ہے کہ اس حملے کے مجرموں، منصوبہ سازوں اور ان کے حامیوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب، پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے گوتریس سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ شریف نے منگل کو "ایکس" پر لکھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ میں نے دہشت گردی کی ہر شکل کی پاکستان کی مذمت کی تصدیق کی، ہندوستان کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کیا اور پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا... پاکستان امن کے لیے پرعزم ہے، لیکن اگر چیلنج کیا گیا تو اپنی خودمختاری کا پوری قوت سے دفاع کرے گا۔
وزیر اعظم مودی نے فوج کو دیا فری ہینڈ
اس سے قبل منگل، 29 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال شریک ہوئے۔ یہ اجلاس دہشت گرد حملے کے بعد 23 اپریل کو سیکیورٹی پر کابینہ کمیٹی کی میٹنگ کے کچھ دن بعد منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں وزیر اعظم مودی نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی ہندوستان کا قومی عزم ہے۔ انہوں نے ہندوستان ی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ی فوج کو اس بات کی مکمل آزادی ہے کہ وہ ہندوستان کی جوابی کارروائی کے طریقے، ہدف اور وقت کا فیصلہ خود کرے۔ یعنی وزیر اعظم مودی نے آئندہ ایکشن کے لیے فوج کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پہلگام حملے کے بعد ہندوستان نے سرحد پار دہشت گردی کی حمایت پر پاکستان کے خلاف سخت جوابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ 23 اپریل کو وزیر اعظم مودی کی صدارت میں ہونے والی سیکیورٹی کابینہ کمیٹی (CCS) کی میٹنگ میں ہندوستان نے 1960 کی سندھ طاس معاہدہ کو اس وقت تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا جب تک کہ پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت کو معتبر اور ناقابلِ واپسی طور پر ختم نہیں کرتا۔ اس کے علاوہ اٹاری بارڈر کو بند کر دیا گیا ہے اور ہندوستان میں مقیم تمام پاکستانیوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے۔